*جماعت اسلامی اور پیپلز پارٹی کے پاس ایم کیو ایم کو دفن کرنے کا نایاب موقع ہے*
*جماعت اسلامی اور پیپلز پارٹی کے پاس ایم کیو ایم کو دفن کرنے کا نایاب موقع ہے*
کراچی ویسے تو تمام ہی سیاسی جماعتوں اور مافیاز کے لئے سونے کی چڑیا سا مقام رکھتاہے تاہم اس شہر کے نباض کراچی کا مزاج بہت تیکھا بتاتے ہیں
انتہائی پڑھے لکھے شہر کے باسیوں کو یوں تو بڑی محنت اور برسوں کی مہم کے بعد لنگڑے ،کانڑے، اندھے، برگر، اور شاپٹر جیسے ناموں سے دنیا میں متعارف کروادیا گیاہے لیکن ان کے غموں مداوا تاحال نا ہوسکا بلکل اس مصرعے کے مصداق درد بڑھتا رہا جوں جوں دوا کی۔۔۔ایسے میں ایک مہربان جماعت جسے حرف عام میں دہشتگردوں کی جماعت بھی کہا جاتا ہے
یعنی ایم کیوایم کو اسکی فکر ایسی لاحق ہوئی کہ یہ فکر ناصرف اس جماعت کو۔۔۔۔ بلکہ بیشتر ان لونڈوں کو بھی بوڑھا کرگئی جو کمسنی میں شہر کے عشق اور قوم کی مسیحائی کے لئے سیاسی میدان میں اترے تھے
یاد رہے1947 کے بعد سے کراچی میں بہت سے سیاسی پنڈتوں نے اپنا تسلط قائم رکھا مگر افسوس صد افسوس کہ نورانی سے لیکر غفور تک کسی لیڈر نے اس کو سنوارنا تو کجا بچانے میں بھی اپنا کردار ادا نا کیا
اور بعد ازاں 70 کی دہائی میں دنیا کے چند بڑے شہروں میں شمار کئے جانے والا یہ ملک کا دارالخلافہ جو کبھی ملک کو چلانے اور پالیسیاں بنانے کا کردار ادا کرتا تھا
یہاں کے پڑھے لکھے نوجوان پاکستان کی معیشت چلانے اور دنیا میں وطن عزیز کا نام روشن کرنے جیسی ذمے داریوں پر معمور تھے وہ خاک ہوتے گئے افسانوں میں ڈھلتے گئے
پھر کچھ آمروں اور ان کے بغل بچوں نے کراچی کو ملک کے دارالخلافہ سے محض ایک شہر بنادیا جو اب اکثر رات کی تاریکی میں اپنی اجاڑ داستانیں سناتا ہے
70 کی دہائی میں جوں ہی ملک دو لخت ہوا تو کراچی بھی ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت یتیم کردیا گیا اور پھر یہاں شروع ہوا بے روزگاری،مادر علمی سے دوری، آگ اور خون کا نا رکنے والا وہ کھیل کہ جس کی بھینٹ شہری چڑھتے رہے
مگر دھیان رہے یہ وہ دور تھا کہ جب ملک کی دہشت گرد جماعت ایم کیوایم کا دور دور تک وجود نہیں تھا یا یوں کہہ لیجئے کہ انکی سیاست میں انٹری ہی نہیں ہوئی تھی
نا ہی وہ لونڈے ملک کے سیاسی افق پر نمودار ہوئے تھے کہ جو آج تاریخ تک اشرافیہ اور وڈیروں کو کھٹکتے ہیں
تاہم جماعت اسلامی اور جے یو آئی سمیت پیپلز پارٹی کی نمایاں قیادت کراچی میں ہی مقیم تھی جبکہ وفاق میں بھٹو / تو شہر اور صوبے میں نورانی، اور پروفیسر غفور جیسے اہم رہنما اپنے رعب و جلال کیساتھ موجود تھے
ایسی صورتِ حال میں 80 کی دہائی میں پورے بھارت کو اجاڑ کر مختلف شہروں سے آئی ہوئی ایک بے نام قوم کے چند نوجوانوں نے کہ جن کے لئے بھائی جون کہہ گئے ہیں کہ پاکستان علیگڑھ اور امروہہ کے لونڈوں کی شرارت ہے نے اپنی قوم اور سندھ کے شہری علاقوں میں مقیم عوام کے حقوق سلب ہوتے دیکھے توایک طلبہ تنظیم کی بنیاد رکھ دی جو بعد میں باقاعدہ ایک سیاسی جماعت مہاجر قومی موومنٹ کے نام سے سامنے آئی اور اپنی جارحانہ پالیسیوں اور شہریوں کے حقوق کی جدوجہد میں اس قدر مصروف عمل دکھائی دی کہ کچھ ہی عرصے میں وہ جماعت سندھ کے مختلف شہروں سے پڑھے لکھے نوجوانوں کو ایوانوں میں لے آئی یہ وہ ہی نوجوان تھے کہ جو ڈگریوں کے حصول کے باوجود ڈرائیور، رنگ ساز، اور چھوٹے موٹے کاروبار کرنے جیسے کاموں پر معمور تھے
تاہم اس نومولود جماعت نے 1987 کے بلدیاتی انتخابات میں 20 سے 28 سال کے لڑکوں کو انتخابی دنگل میں اتارا تو کالج اور یونیورسٹی کے مذکورہ لڑکوں نےانتخاب جیت کر حکومت بنالی
ان نو عمر لڑکوں نے شہر سنبھالا تو کراچی اور حیدرآبادکا کھویا ہوا وقار لوٹنے لگا
مگر افسوس کا مقام یہ بھی دیکھنے کو ملا کہ اس شہر کے پرانے دقیانوسی سیاست دانوں سمیت ملک پر مسلط جاگیرداروں،وڈیروں اور اشرافیہ کو یہ لونڈے ایک آنکھ نا بھائے یوں پاکستان کو نوچ نوچ کر کھانے والوں نے انکا جینا محال کردیا
بہرکیف اس دوران مہاجروں کی اس نمائندہ جماعت نے نامساعد حالات کے باوجود ملک بھر میں اپنا مینوفیسٹو پیش کیا تو لوگ جوگ در جوگ ایم کیو ایم کا حصہ بننے لگے مگر پھر ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت اس جماعت کو دہشت گرد قرار دیکر لوگوں میں نفرت کی آگ بھڑکانے کا سلسلہ شروع ہوا
خیر یہاں قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ اس دہشت گرد جماعت نے جب جب کراچی کی حکومتی سطح پر نمائندگی کی تو شہر بنتا سنورتا اور ترقی کرتا دکھائی دیا لیکن اس کی معیاد کم ہی رہی
بات طویل ہوگئی مختصر کرتے ہوئے یہاں یہ کہنا لازم سمجھتا ہوں کہ گزشتہ کئی برسوں سے جماعت اسلامی اور پیپلزپارٹی کراچی کا غم لئے جھلس رہے تھے
اور شہر کی سڑکوں پر اپنا رونا روتے دکھائی دیتے تھے آج اللہ پاک نے کراچی کی شہری حکومت ان افراد کے حوالے کردی ہے تاہم ان افراد کو اب حقیقی معنوں میں ایم کیو ایم جیسی دہشت گرد جماعت کو عوامی حلقوں میں مسترد کروانے کا بہترین موقع ہاتھ آگیا ہے سو ایسی صورتِ حال میں انکے نمائندوں کو ہاتھ پہ ہاتھ دھرا بیٹھا دیکھ کر حیرت بھی ہوتی ہے اور افسوس بھی کیونکہ اگر یہ دونوں جماعتیں یعنی پاکستان پیپلزپارٹی اور جماعت اسلامی شہر کو ترقی کی جانب گامزن کردیں تو لوگ ایم کیو ایم کو بھول سکتے ہیں
مگر یہاں ایک اور حیرت انگیز امر یہ بھی ہے کہ دونوں ہی جماعتوں کے نمائندے کراچی سے غافل ہیں اور جماعت اسلامی جو کبھی پانی، سڑکوں اور گیس کی لوڈ شیڈنگ پر آہ و فغاں کرتی دکھائی دیتی تھی وہ پراسرارطور پر خاموش ہے اب ایسا کیوں ہے؟؟ یہ سمجھ سے بالاتر ہے جبکہ پیپلزپارٹی اپنی بھر پور طاقت وسائل اور صوبے میں تسلط کے باوجود کراچی کو بہتر کرنا تو کجا اس کے بارے میں سوچنے کو بھی گناہ سمجھ رہی ہے ایسے میں فیصلہ عوام نے کرنا ہے کہ آیا یہ دونوں جماعتیں ایم کیو ایم کو زمین بوس کرنے کا یہ نادر موقع اپنے ہاتھ سے کیوں جانے دے رہی ہیں؟؟