رپورٹ ( محمد پرویز گل خان)یونیورسٹی آف ہریپور میں تین روزہ بین الاقوامی تربیتی ورکشاپ کا انعقاد
رپورٹ ( محمد پرویز گل خان)یونیورسٹی آف ہریپور میں تین روزہ بین الاقوامی تربیتی ورکشاپ کا انعقاد
جامعہ ہری پور کے شعبہ مائیکروبائیولوجی نے 29 سے 31 جنوری 2025 تک تین روزہ بین الاقوامی تربیتی ورکشاپ بعنوان “فیج پر توجہ: آئیسولیشن اور کمپیوٹیشنل جینومک تجزیہ” کا انعقاد کیا۔ یہ تربیتی پروگرام ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد، ORIC (UOH) اور پاکستان سوسائٹی فار بیکٹیریوفیجز کے اشتراک سے منعقد کیا گیا۔
ورکشاپ کا افتتاح جامعہ ہری پور کے ڈین فیکلٹی آف بائیولوجیکل اینڈ بایومیڈیکل سائنسز، پروفیسر ڈاکٹر عزیز اللہ نے کیا۔ورکشاپ میں مختلف قومی و بین الاقوامی جامعات کے ماہرین نے بحیثیت ریسورس پرسن شرکت کی، جن میں ڈاکٹر اقبال علوی (ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ)، ڈاکٹر فضل عدنان (NUST)، ڈاکٹر آصف شاہین (جی سی یونیورسٹی لاہور)، ڈاکٹر عاصم سمدھانی (University of Edinburgh, UK)، ڈاکٹر عبدالواجد باسط (The University of Exeter, UK)، ڈاکٹر محمد سلیم اقبال خان (فودان یونیورسٹی، چین)، اور ڈاکٹر فضل محمود خان (چین) شامل تھے۔
ورکشاپ میں اوکاڑہ یونیورسٹی، راولا کوٹ یونیورسٹی پونچھ آزاد کشمیر، پنجاب یونیورسٹی لاہور، جی سی یونیورسٹی لاہور، نیشنل یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز اسلام آباد، ایبٹ آباد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ، اور رفاہ یونیورسٹی اسلام آباد کے شرکاء نے بھرپور شرکت کی۔
ورکشاپ کے آغاز میں شعبہ مائیکروبائیولوجی کی چیئرپرسن، ڈاکٹر سیدہ اسما بانو نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ اس دوران ماہرین نے اینٹی مائیکروبیل ریزسٹینس (AMR) سے نمٹنے کے لیے بیکٹیریوفیجز پر تحقیق کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
مزید برآں، خیبر سوسائٹی فار مائیکروبائیولوجی کے فیکلٹی اور طلبہ منتظمین نے شرکاء کے قیام اور ورکشاپ کے انتظامات میں بھرپور کردار ادا کیا۔
ورکشاپ کی اختتامی تقریب میں جامعہ ہری پور، اسکل یونیورسٹی اسلام آباد، اور کوہسار یونیورسٹی مری ،کے وائس چانسلرز نے شرکت کی اور شرکاء و منتظمین میں اسناد اور شیلڈز تقسیم کیں۔
پاکستان سوسائٹی فار بیکٹیریوفیج کے جنرل سیکریٹری، ڈاکٹر اقبال علوی نے جامعہ ہری پور کی بیکٹیریوفیج ریسرچ کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے سائنسی نیٹ ورکنگ اور AMR کے خلاف محققین کے مابین اتحاد کی ضرورت پر زور دیا۔ مزید برآں، ڈاکٹر علوی نے پاکستان میں ایک فیج بینک کے قیام کی ضرورت پر روشنی ڈالی، تاکہ ملٹی ڈرگ ریزسٹینٹ انفیکشنز کے متبادل علاج کے طور پر بیکٹیریوفیجز کو استعمال میں لایا جا سکے۔
وائس چانسلر، جامعہ ہری پور، پروفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمن نے مائیکروبائیولوجی ڈیپارٹمنٹ کی کاوشوں کو سراہا اور اس اہم اور وسیع پیمانے پر منعقد ہونے والی معلوماتی ورکشاپ کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔