October 3, 2026

*ضلع خضدار میں فروری کی قومی انسداد پولیو مہم کا باقاعدہ افتتاح*

IMG-20250201-WA0194

*ضلع خضدار میں فروری کی قومی انسداد پولیو مہم کا باقاعدہ افتتاح*
*ڈپٹی کمشنر یاسر اقبال دشتی نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر مہم کا آغاز کیا اور انسداد پولیو کے خلاف قومی عزم کو دہرایا۔ انہوں نے والدین اور معاشرے کے تمام طبقات سے اپیل کی کہ وہ اس مہم میں بھرپور تعاون کریں تاکہ خضدار سمیت پورے ملک کو پولیو سے مکمل محفوظ بنایا جا سکے۔*

خضدار: ضلع خضدار میں فروری کی قومی انسداد پولیو مہم (NIDs) کا باضابطہ افتتاح آج ڈپٹی کمشنر خضدار محترم یاسر اقبال دشتی نے ڈی سی کمپلیکس خضدار میں کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر زہری، خالد صاحب، ایکٹنگ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر خضدار ڈاکٹر احمد علی، اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹر (DEOC) کی کور ٹیم بھی موجود تھی۔

افتتاحی تقریب کے دوران ڈپٹی کمشنر یاسر اقبال دشتی نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر مہم کا آغاز کیا اور انسداد پولیو کے خلاف قومی عزم کو دہرایا۔ انہوں نے والدین اور معاشرے کے تمام طبقات سے اپیل کی کہ وہ اس مہم میں بھرپور تعاون کریں تاکہ خضدار سمیت پورے ملک کو پولیو سے مکمل محفوظ بنایا جا سکے۔

ایکٹنگ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر خضدار ڈاکٹر احمد علی نے کہا کہ اس مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو ویکسین پلائی جائے گی، اور اس مقصد کے لیے تربیت یافتہ ٹیمیں گھر گھر جا کر بچوں کو حفاظتی قطرے پلائیں گی۔ انہوں نے والدین کو یقین دلایا کہ پولیو ویکسین مکمل طور پر محفوظ اور مؤثر ہے اور بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کے لیے انتہائی ضروری ہے۔
ڈپٹی کمشنر خضدار نے تمام متعلقہ اداروں اور فیلڈ ٹیموں پر زور دیا کہ وہ اس قومی مہم کو کامیاب بنانے کے لیے بھرپور محنت کریں تاکہ خضدار کو پولیو سے مکمل طور پر پاک کیا جا سکے۔ انہوں نے علماء، سماجی رہنماؤں، اساتذہ، اور میڈیا کے نمائندوں سے بھی درخواست کی کہ وہ انسداد پولیو مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور عوام میں شعور اجاگر کریں۔

یاد رہے کہ انسداد پولیو مہم ملک بھر میں 3 فروری سے 7 فروری تک ہونے جارہی ہے، جس کے دوران لاکھوں بچوں کو موذی مرض سے بچاؤ کے لیے ویکسین کی جائیگی۔