کمشنر مردان کا ڈی ایچ کیو ہسپتال کے نئے بلاک کا دورہ، تعمیراتی کام تیز کرنے اور جلد فعال بنانے کی ہدایت۔
کمشنر مردان کا ڈی ایچ کیو ہسپتال کے نئے بلاک کا دورہ، تعمیراتی کام تیز کرنے اور جلد فعال بنانے کی ہدایت۔
شمسی روڈ کی کشادگی اور تزئین و آرائش وقت کی اہم ضرورت ہے، ڈیمارکیشن کا کام جلد مکمل کیا جائے۔کمشنر مردان
مردان(نمائندہ خصوصی)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق کمشنر مردان ڈویژن سید محمد علی شاہ نے ڈی ایچ کیو ہسپتال مردان کا دورہ کیا اور ہسپتال کے نئے بلاک پر جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ہسپتال انتظامیہ اور محکمہ مواصلات و تعمیرات کے حکام بھی موجود تھے۔ متعلقہ حکام نے کمشنر کو تعمیراتی کام پر پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔کمشنر نے تعمیراتی کام مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال کے نئے بلاک کو جلد مکمل کرکے فعال بنایا جائے گا اور اس کا باقاعدہ افتتاح بھی کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 600 سے زائد بستروں پر مشتمل یہ نیا بلاک مردان کے عوام کے لیے ایک بڑی سہولت اور تحفہ ثابت ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ آئندہ ماہ تک نئے بلاک کی تکمیل کو یقینی بنایا جائے تاکہ اسے عوام کے علاج معالجے کے لیے استعمال میں لایا جاسکے۔کمشنر نے کہا کہ تعمیراتی کام کی تکمیل کے لیے درکار فنڈز کا مسئلہ حل کر دیا گیا ہے اور اس مقصد کے لیے 400 ملین روپے کی منظوری بھی ہوچکی ہے، لہٰذا اب تمام تر توجہ تعمیراتی کام کی بروقت تکمیل پر مرکوز ہونی چاہیے۔ انہوں نے ہسپتال میں صفائی ستھرائی کے انتظامات مزید بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مریضوں کو صاف ستھرا اور پُرسکون ماحول فراہم کرنا انتہائی ضروری ہے اور یہ ہسپتال انتظامیہ کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔بعدازاں کمشنر مردان نے شہر کی مصروف شاہراہ شمسی روڈ کا بھی دورہ کیا اور وہاں جاری ڈیمارکیشن کے کام کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ شمسی روڈ کی کشادگی اور تزئین و آرائش وقت کی اہم ضرورت ہے کیونکہ اس شاہراہ پر ٹریفک کا مسئلہ سنگین ہوتا جارہا ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ڈیمارکیشن کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ ٹریفک کی روانی بہتر ہو، شہریوں کو آمدورفت میں درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو اور مریضوں کو ہسپتال پہنچنے میں بھی آسانی ہو۔