November 17, 2026

موٹرسائیکل گینگ نےمیلسی کےشہریوں کا جینادوبھرکردیا ایک روز میں چارچاروارداتیں معمول بن گئیں پولیس تاحال ناکام

20250121_201956

موٹرسائیکل گینگ نےمیلسی کےشہریوں کا جینادوبھرکردیا ایک روز میں چارچاروارداتیں معمول بن گئیں پولیس تاحال ناکام

میلسی۔ (محمدمختارسولگی) تفصیل کے مطابق رواں ماہ چوری ڈکیتی کی پےدرپےہونےوالی وارداتوں پر میلسی پولیس سماج دشمن عناصر کوگرفتارکرنےمیں مکمل ناکام ہےجس کی وجہ سے میلسی شہرمضافات موٹر سائیکل گینگ ڈکیتوں کے خصوصی نشانے پر ہے۔ میلسی پولیس کی طرف سے موثر اقدامات نہ اٹھانے کی وجہ سے یہ ڈکیت بے خوف و خطر بلاناغہ تین سے پانچ ڈکیتیاں کررہے ہیں۔ گزشتہ روز اسٹیڈیم روڈ کے رہائشی محمد وسیم ولد محمد اکرم کے ساتھ کالج روڈ پر ڈکیتی ہوئی دو ون ٹو فائو موٹر سائیکل سوار مسلح ڈکیتوں نے اسلحہ کے زور پر شہری سے جمع پونجی چھینی اور دھمکیاں دیتے ہوئے فرار ہو گئے۔ ایک اور واردات میں چاہ مراد والہ کا رہائشی زنگر برگر کی ڈلیوری کرنے والا نوجوان رائیڈر مسلحہ ڈکیتوں کے ہتھے چڑھ گیا ۔تین موٹر سائیکل سواروں نے اسلحہ کے زور پر رائڈر سے نقد رقم مبلغ 10 ہزار روپے موبائل فون شناختی کارڈ وغیرہ چھین لیے اور فرا ہوگئے۔
ایک اور واردات نزد گرجا گھر کالونی روڈ میلسی کی رہائشی فاروق قادر ولد محمد نواز کے ساتھ ہوئی۔ تین مسلحہ موٹر سائیکل سواروں نے کالونی روڈ پر رش بھرے علاقے میں دن دیہاڑے اسلحہ کے زور پر نقد رقم مبلغ 17 ہزار روپے اور ٹچ موبائل چھین لیے اور باآسانی فرار ہو گئے۔ ڈکیتی کی چوتھی واردات محلہ باغاں پورہ جلا جیم میلسی کے رہائشی محمد بلال ولد محمد اقبال کے ساتھ میلسی جلا روڈ پر ہوئی مسلحہ ڈکیت نقد رقم مبلغ 15 ہزار روپے اور دو عدد قیمتی ٹچ موبائل لے کر فرار ہو گئے۔ میلسی کے شہری مسلسل ڈکیتیوں کی وارداتوں کی وجہ سے بہت زیادہ خوفزدہ ہو گئے ہیں ۔میلسی کے شہریوں نے ڈی پی او وہاڑی ؛ڈی ایس پی میلسی سے مطالبہ کیا ہے کہ باقاعدگی سے ہونے والی ڈکیتیوں کے خلاف موثر اقدامات کیے جائیں اور سماج دشمن عناصر کی حوصلہ افزائی کرنے والے اور ان کا ساتھ دینے والے پولیس ملازمین کے خلاف بھی محکمانہ کاروائی کی جائے۔