November 17, 2026

رپوٹ دعا نیوز عبدالعزیز شیخ ٹھٹھہ: 8- جنوری 2025ء (ھ آ) : ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون غلام دستگیر شیخ کی زیر صدارت ٹرانسپورٹ کے مسائل سے متعلق شہریوں کی

20250109_161604

رپوٹ دعا نیوز عبدالعزیز شیخ

ٹھٹھہ: 8- جنوری 2025ء (ھ آ) : ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون غلام دستگیر شیخ کی زیر صدارت ٹرانسپورٹ کے مسائل سے متعلق شہریوں کی شکایات کے حل کے لیے دربار ہال مکلی میں اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو فراز احمد عباسی، سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی فخرالنساء، ڈی ایس پی واحد لاڑک، نیشنل ہائی وے اتھارٹی، کے ٹی ڈی سی حکام، ٹرانسپورٹرز اور شکایت کرنے والے شہریوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون غلام دستگیر شیخ نے سیکرٹری آر ٹی اے، پولیس اور دیگر متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ شہر میں سرکاری بس ٹرمینل کو فعال کریں اور ٹرانسپورٹرز کو پابند بنائیں کہ وہ اپنی بسیں اور وینیں وہیں کھڑی کریں تاکہ شہریوں کو پریشانی سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے انہیں مزید ہدایت کی کہ گیس سلنڈر والی مسافر گاڑیوں بشمول فٹنس اور اوور لوڈنگ کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ کسی بھی قیمتی جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں عدم تعمیل کرنے والے ٹرانسپورٹرز اور گاڑیوں کو بلیک لسٹ کرکے ان کے روٹ پرمٹ منسوخ کیے جائیں اور ٹریفک قانون پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات میں کمی کے باوجود کرایوں میں کمی نہ کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے ایف ڈبلیو او حکام کو ہدایت کی کہ کراچی تا ٹھٹھہ دوہری سڑک کے ٹوٹ پھوٹ کے شکار حصوں کی مرمت کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ ٹریفک کی بہتری سمیت حادثات سے بھی بچا جا سکے۔ انہوں نے ٹرانسپورٹرز کو ہدایت کی کہ وہ بسیں، وینز اور سوزوکیاں انتظامیہ کے مقرر کردہ ٹرمینلز پر کھڑی کریں بصورت دیگر خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس موقع پر ٹرانسپورٹرز اور شکایت کنندگان نے درپیش مسائل سے آگاہ کیا، جس پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے انہیں جلد مسائل حل کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔