November 17, 2026

*شرعی نکاح یا حرام تعلق* ہم مسلمانوں میں دوسرا نکاح جاٸز ہے مگر یہ کرگزرنا ناممکن ہو چکا ہے ۔ حقیقتاََ اگر 40-50 سالہ ایک صحتمند مرد مالی طور پر بھی

IMG-20250109-WA0163

*شرعی نکاح یا حرام تعلق*
ہم مسلمانوں میں دوسرا نکاح جاٸز ہے مگر یہ کرگزرنا ناممکن ہو چکا ہے ۔ حقیقتاََ اگر 40-50 سالہ ایک صحتمند مرد مالی طور پر بھی مستحکم ہو اور ایک سے زیادہ خواتین کو انصاف کے ساتھ ازدواجی ۔ معاشی اور جذباتی طور پر سنبھال سکتا ہو تو دو تین اور چار شادیوں کی بھی اسلام میں تو اجازت ہے ۔
اسکے برعکس کسی عورت سے بغیر نکاح کے جنسی تعلق استوار کرنا حرام (زنا) ہے ۔
حرام اور حلال کے اس اسلامی فلسفے کو سمجھنے کی جتنی ضرورت آج ہے پہلے کبھی نہ تھی مگر ظلم یہ ہے کہ پاکستانی مسلمان عورت کسی دوسری عورت سے اپنے میاں یا بیٹے کے غیر شرعی مراسم پر کبوتر کی طرح آنکھیں بند کرکے گزارہ کرلیتی ہے مگر دونوں ہی کو دوسرے شرعی نکاح کی اجازت نہیں دیتی ۔
ہمیں ایمانداری سے اپنے اسلامی معاشرے (اگر یہ واقعتاََ اسلامی ہے تو) میں پھیلتی براٸیوں اور خاص طور پر جنسی بےراہ روی کے اسباب پر غور کرنا چاہیے ۔ ارد گرد غور سے دیکھیے تو پتہ چلتا ہے کہ غیرشادی شدہ خواتین کی تعداد دن بدن بڑھ رہی ہے ۔ کہیں اچھے رشتے میسر نہیں ہیں تو کہیں نکاح جیسے آسان بندھن کو غیر ضروری رسم و رواج اور مالی خرچوں نے مشکل بلکہ ناممکن بنا دیا ہے ۔ کہیں کم عمر بیواٸیں معاشی بدحالی پر پریشانی کی زندگی گزار رہی ہیں تو کہیں یتیم بچیوں کے نان نفقہ کا کوٸی والی وارث ہی نہیں ہے ۔ اب تو پڑھی لکھی خوبصورت بچیوں کے مناسب رشتے بھی میسر نہیں اور دوسری طرف ایسے روزگار کے مواقع بھی موجود نہیں ہیں کہ زندگی گزارنے کو یہ پڑھی لکھی خواتین مالی طور پر مضبوط اور خودمختار بن سکیں ۔
ہم ہزار انکار کریں مگر مجبور بیواٸیں اور پڑھی لکھی مگر غریب غیرشادی شدہ خواتین بھی اپنی مالی ضروریات پوری کرنے کیلیے بےراہ روی کا شکار ہو رہی ہیں اور مرد ان کی اس مجبوری سے خوب خوب فاٸدہ اٹھاتے ہیں ۔ اب مرد اپنے رب سے زیادہ اپنے بیوی بچوں اور والدین یا سسرال سے ڈرتا ہے جیسے دوسرا نکاح کیا رو گناہ کبیرہ کا مرتکب ٹھہرے گا ۔ سوشل اور الیکٹرونک میڈیا بھی دوسری شادی کرنے والے مرد کو تماشہ بناکر پیش کررہاہے ۔
اس موضوع پر میں ایک 65 سالہ انتہاٸی معزز خاتون آفیسر کے کہنے پر لکھ رہا ہوں جسے میں نے بہت کہا کہ جو کام ہم خود نہیں کرسکے اسے کرنے کی تلقین اب دوسروں کو کیسے کرسکتے ہیں مگر اس خاتون کا کہنا تھا کہ جب آپ 40 سال کے تھے تو حالت کا ایسا تقاضہ نہیں تھا مگر اب اگر مسلم معاشرے کو ایسی بےراہ روی ۔ زنا جیسے گناہ کبیرہ اور کنواری خواتین کو تنہاٸی کی زندگی گزارنے سے بچانا ہے تو معاشرے کی ایسی عورتوں کو بھی اس پر بولنا پڑے گا جو اسلامی اور قرآنی تعلیمات پر کام کررہی ہیں ۔
خواتین کی شادیاں نہیں ہورہیں تو اسکا حل بھی خواتین ہی کے پاس ہے ۔
وقت کا تقاضہ ہے کہ مرد اور عورت دونوں سوچیں کہ اسلام صرف روزہ نماز اور عبادات کا نام نہیں بلکہ یہ ایک پورا نظامِ حیات ہے ۔
*جو جاٸز اور حلال ہے اسے اپنانے کی تلقین کرنا شروع کریں* ۔
*جو ناجاٸز اور حرام ہے اسے روکنے کا بندوبست کریں* ۔
پھر وہ رزق ہو ۔ رشتے ناطے اور تعلق ہوں
یا حقوق العباد نبھانے جیسی ذمہ داریاں ۔
*بریگیڈیٸربشیرآراٸیں*