میجک نمبر – پانچ سال : (تاریخ کے اوراق سے اس میجک نمبر کو بلیک میجک بنانے کی کہانی )
میجک نمبر – پانچ سال : (تاریخ کے اوراق سے اس میجک نمبر کو بلیک میجک بنانے کی کہانی )
یہ 26 جنوری 2000 کا دن تھا – ملک میں مشرف کے مارشل لاء کو لگے تین مہینے سے زیادہ کا عرصۂ گزر چکا تھا – اس غیر آئینی اقدام کے خلاف سپریم کورٹ پاکستان میں متعدد درخواستیں جمع ہو چکی تھیں جن پر سماعت کیلئے چیف جسٹس سعید الزمان صدیقی کی قیادت میں ایک فل کورٹ تشکیل دیا جاچکا تھا جس نے 5 دن بعد یعنی 31 جنوری کو فل کورٹ سماعت کرنا تھی – مشرف حکومت اس وقت کے وزیر اعظم نواز شریف کو ‘ جو اٹک جیل میں قید تھے ‘ مجبور کر رہی تھی کہ وہ بیک ڈیٹ کے ساتھ اسمبلیاں توڑنے کے آرڈر پر دستخط کردیں تاکہ اگلے کچھ مہینوں تک ملک میں عبوری حکومت قائم کرکے اس مارشل لاء کو جواز فراہم کیا جاسکے اور آرٹیکل چھے سے بچا جاسکے – لیکن نواز شریف کے مسلسل انکار کے بعد اب ڈکٹیٹر جرنل مشرف چھبیس جنوری کے دن اپنے اٹارنی جرنل کے ساتھ چیف جسٹس سے ملے اور کہا کہ آپ پانچ دن بعد فل کورٹ میں فوج کی حکومت کو جائز قرار دے دیں اور صرف یہی نہیں بلکہ مجھے یعنی جرنل مشرف کو آئین میں تبدیلی کا اختیار بھی دے دیں – چیف جسٹس صدیقی برہم ہوگیے اور اس غیر آئینی حکم کو ماننے سے صاف انکار کردیا جس کے بعد مشرف نے ان کو دھمکیاں دیں اور اسی شام ان کو اپنے گھر میں قید کردیا گیا – ان کے ساتھ بارہ اور ججز کو بھی قید کردیا گیا جنہوں نے مشرف کے چودہ اکتوبر 1999 کے پی سی او (PCO) کے تحت حلف لینے سے انکار کیا – لیکن ملک کے نواسی ججوں نے پی سی او کے تحت حلف لے کر مشرف کی حکومت کو جائز قرار دے دیا اور ملک میں چوتھا مارشل لاء مکمل طور پر نافذ ہوگیا –
یہ کہانی میں آج کیوں سنا رہا ہوں ؟
جس آئین کو مارشل لاز کے دور میں بھی بدلنا اس قدر مشکل اور کٹھن کام ہوتا تھا کہ اس کیلئے چیف جسٹس سمیت 13 ججز کو قید کرنا پڑتا تھا ‘ اس آئین کو آج کے جمہوری دور میں جتنے آرام سے موم کی ناک کی طرح تبدیل کیا گیا ہے’ اور بار بار کیا جارہا ہے اس سے اس تاثر کو تقویت ملی ہے کہ ہو نہ ہو آج بھی مارشل لاء نافذ ہے – اس وقت تیرہ ججوں کو قید کردیا گیا تھا جبکہ آج 26 ویں ترمیم کے ذریے پوری عدلیہ کو غیر فعال اور ماتحت کردیا گیا ہے – اس وقت نواسی ججوں نے پی سی او کے تحت حلف اٹھا کر فوجی حکومت کو تقویت دی تھی تو آج دو سو سے زائد پارلیمینٹرینز نے آرمی ایکٹ 1952 بدل کر آرمی چیف ‘ نیول چیف اور ائر فورس چیف کی مدت ہی پورے پانچ سال کر ڈالی –
یہ قدم اس پارلیمنٹ کے گلے کیسے پڑے گا ؟
یہ ایک مسلمہ حقیقت ہے کہ اس ملک میں سب سے طاقتور عہدہ آرمی چیف کا ہے ‘ چاہے آپ لاکھ پارلیمنٹ کی بالا دستی کی گردان پڑھتے رہیں – تو بجاے اس کے کہ اس طاقت کے منبع کو پارلیمنٹ بیلنس کرتی ‘ انہوں نے دو طریقوں سے اس کی طاقت میں اور بھی بے پناہ اضافہ کرڈالا –
1. پہلا طریقہ عدلیہ کو کمزور اور غیر فعال کرکے ‘ کیوں کہ اگر اس بے پناہ طاقت کو کوئی تھوڑا بہت نیوٹرل کرسکتا تھا تو وہ عدلیہ ہوتی تھی – لیکن اب وہ خود اپنا چیف جسٹس اور آئینی بینچ تک نہیں بنا سکتی – آپ اب اس کے ججوں کی تعداد 34 کی جگہ 334 ہی کیوں نہ کردیں یعنی ہر ایم این اے کا ایک ایک جج ؛ تب بھی اس تبدیلی کے نتیجے میں پاور پارلیمنٹ کو نہیں بلکہ اسٹبلشمنٹ کو ملی ہے
2. اور دوسرا آرمی چیف اور دیگر چیفس کی مدت کو تین سال سے بڑھا کر پانچ سال کرکے ‘ اس مدت کو ہی تقریبا ڈبل کردیا گیا جس میں پہلے ہی دو دو وزیر اعظم چھٹی کر جاتے ہیں –
میں آج کچھ ٹاوٹس کی یہ تاویلیں دیکھ رہا تھا کہ
وزیر اعظم بھی پانچ سال ہوتا ہے ‘ سینیٹ چھے سال ہوتی ہے ‘ تو آرمی چیف بھی یہ میجک نمبر پانچ سال بنتا ہے –
ان عقل کے اندھوں سے کوئی یہ سوال کرے کہ ستترسالہ ہسٹری میں کونسا وزیر اعظم ہے جو اس میجک نمبر پانچ سال کو پورا کر سکا ہے ؟ جبکہ آرمی چیف تین سال کی مدت کے باوجود بھی کئی دفعہ ایکسٹنشن بھی لے چکے اور کتنے ہی وزرا اعظم کی چھٹی بھی کروا چکے – ان کی مدت تو تین سال ہوتے ہویے بھی فل آف میجک ہوتی ہے – آرمی چیف کی تین سال کی مدت میں اگر دو وزرا اعظم باہر ہوتے تھے تو اب پانچ سال میں تین چار باہر ہونگے تو پھر کس کو تھینک یو بولنا ہے ؟
اس کے جواب میں جب ماضی سے یہ دلیل دی جاتی ہے کہ تحریک انصاف نے بھی تو باجوہ کی ایکسٹنشن کی تھی تو مجھےتب اس پارلیمنٹ پر اور ان کے ٹاووٹس پر اور بھی ترس آتا ہے – 2019 میں جب جرنل باجوہ کو جو ایکسٹنشن دی گئی تھی وہ بھی محض ایک جماعت نہیں بلکہ پوری پارلیمنٹ نے ووٹ کرکے دی تھی جس میں تحریک انصاف کے ساتھ ساتھ مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی بھی اس جرم میں شامل تھے – میں نے اس وقت بھی اس عمل کو کالا عمل لکھا تھا اور آج بھی لکھتا ہوں کیوں کہ اسی جرنل باجوہ نے دو وزرا اعظم کو گھر بھیجا – خود اپنا میجک نمبر چھے سال پورے کرگیا پر اس نے کسی وزیر اعظم کو اس کا میجک نمبر پانچ سال پورے نہیں کرنے دیے – اس میجک کی سزا نواز شریف نے بھی کاٹی اور عمران خان بھی کاٹ رہے ہیں ‘ لیکن نواز شریف نے اس میجک کا مزا ایک دفعہ نہیں بلکہ ١٩٩٩ میں بھی چکھا تھا ‘ پر اس کے بعد بھی اس میجک کو ختم کرنے کی بجاے آج اس کو ” بلیک میجک ” بنا ڈالا –
جب بھی میں 1999 کا مارشل لا پڑھتا ہوں تو مجھے اس چیپٹر پر بہت دکھ ہوتا ہے جب 111 بریگیڈ کے راولپنڈی کور کمانڈر جرنل محمود نے نواز شریف کو مرسڈیز میں بٹھایا اور 10 کور راولپنڈی میں لے جا کر ایک کمرے میں بند کردیا تھا جہاں وہ آبدیدہ ہوگیے تھے – لیکن پھر جب میں اسی وزیر اعظم کے بھائی کی پارلیمنٹ میں اسی فوج کو یہ بے پناہ طاقت دوبارہ دیتے دیکھتا ہوں تو سوچتا ہوں کہ اس ملک کی پارلیمنٹ کے نصیب میں ہی یہی لکھا ہے کہ یہ کمروں میں بند کردی جائے ‘ ہائی جیک کیس میں سزاے موت کیلئے ٹرائل کی جائے اور پھر جلا وطن کردی جائے کیوں کہ انہوں نے اپنے ماضی سے کچھ نہیں سیکھا – کجا کہ یہ ایک آرمی چیف کی مدت کو کنٹرول کرتے ‘ اس کے میجک کو کینسل کرتے ‘ انہوں دو اور چیفس صاحبان کی مدت کو بھی بڑھا ڈالا – جہاں سیاست میں مداخلت کی وجہ سے پہلے بس آرمی چیف متنازع ہوتا تھا اب نیول اور ائر فورس چیف بھی متنازع کر ڈالے – یعنی اب چاہے چھے ستمبر کو یوم دفاع ہو ‘ سات ستمبر کو یوم فضایہ ہو یا آٹھ ستمبر کو یوم بحریہ ہو ‘ قوم کیلئے یہ سب دن اور یہ سب عہدے ویسے ہی جذبات سے خالی اور متنازع ہو چکے ہیں جیسے یہ پارلیمنٹ اختیار سے خالی اور متنازع ہو چکی ہے –
جس سانپ کا زہر نکلانا تھا ‘ اس کو دودھ پلا دیا ہے تو اب جب وہ ڈسے تو رونا کیسا – پہلے اگر کبھی کبھی کسی چیف کو ایکسٹنشن ملتی تھی تو اب ہر چیف کو آٹو میٹک پانچ سال کی مدت یعنی دو سال کی ایکسٹرا ایکسٹنشن دے دی گئی ہے تو اس میں ملک کا استحکام کہاں ہے ؟ کبھی اپنی مدت ملازمت پوری نہ کرسکنے والے وزیر اعظم نے چیفوں کی مدت کا میجک نمبر بڑھا دیا ہے تو اس پر شکریہ کس کا کرنا ہے ؟ آرمی چیف کی تین سال کی مدت میں اگر دو وزرا اعظم باہر ہوتے تھے تو اب پانچ سال میں تین چار باہر ہونگے تو پھر کس کو تھینک یو بولنا ہے ؟
اس ملک کی پارلیمنٹ غلام تھی ‘ ابن غلام ہے اور اب غلام ابن غلام ابن غلام بنی رہیگی کیوں کہ جس کی فطرت میں ڈنک مارنا ہے وہ دودھ پلانے پر بھی ڈنک ہی مارتا ہے پپی نہیں لیتا – بس پہلے اس کے دانت تین تھے ‘ تو اب پانچ ہوگیے ہیں – آپ دانت گننا چھوڑیں ‘ بس اب ان دانتوں کے کاٹنے کے نشان گننا شروع کریں