November 20, 2026

*نمازِ جمعہ کی رکعتوں کی مکمل تفصیل اور حوالہ جات* جمعہ 20 نومبر 2026ء تحقیق و تحریر: انجینیئر نذیر ملک سرگودھا

Screenshot_2026-11-20_090802.994

*نمازِ جمعہ کی رکعتوں کی مکمل تفصیل اور حوالہ جات*

جمعہ 20 نومبر 2026ء
تحقیق و تحریر:
انجینیئر نذیر ملک سرگودھا

1.جمعہ سے پہلے کی سنتیں:
جمعہ کے فرضوں سے پہلے سنتیں پڑھنا مستحب اور مؤکد ہے۔ احادیث میں چار رکعت اور دو رکعت دونوں کا ثبوت ملتا ہے:

* چار رکعت کا حوالہ: حضرت علی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ وہ جمعہ سے پہلے چار رکعت اور جمعہ کے بعد چار رکعت پڑھتے تھے۔ (سنن سعید بن منصور) اور حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے بھی جمعہ سے پہلے چار رکعت ادا کرنا منقول ہے۔

* دو رکعت کا حوالہ:
بعض روایات میں دو رکعت کا بھی ذکر ہے، لہٰذا پہلے چار یا دو رکعت جیسی توفیق اور سہولت ہو، پڑھی جا سکتی ہیں۔

2.دو رکعت فرض باجماعت:
جمعہ کا اصل فریضہ دو رکعت ہے جو کہ امام کے پیچھے باجماعت ادا کی جاتی ہیں، اور ان پر جمعہ کا مدار ہے۔

* حوالہ (قرآن مجید): سورۃ الجمعة (آیت 9) میں نمازِ جمعہ کے لیے پکار اور ذکرِ الٰہی کی طرف دوڑنے کا حکم ہے۔

* حوالہ (احادیث): صحیح بخاری و مسلم میں ہے کہ سفر میں ظہر کی دو رکعت ہیں اور جمعہ بھی دو رکعت ہے جو کہ پوری نماز ہے، قصر نہیں۔

مسئلہ:
اگر مقتدی جمعہ کی دوسری رکعت کے رکوع کے بعد جماعت میں شامل ہو تو وہ چار رکعت پڑھے گا اور یہ اسکی نماز ظہر ہو گی جمعہ نہیں کیونکہ جمعہ کے لئے دوسری رکعت کے رکوع میں شامل ہونا ضروری ہے۔

3.فرض کے بعد کی سنتیں (مسجد بمقابلہ گھر کا حکم):

امامِ اعظم ابوحنیفہ اور صاحبین رحمہم اللہ کا فقہی مسلک یہی ہے کہ جمعہ کے فرضوں کے بعد اگر مسجد میں نفل یا سنتیں پڑھی جائیں تو چار رکعت پڑھی جائیں، اور اگر گھر جا کر پڑھی جائیں تو کم از کم دو رکعت پڑھی جائیں۔

سنتوں کی تعداد:
اگر مسجد میں پڑھے:
چار رکعت سنت + دو رکعت نفل۔

یا
اگر گھر جا کر پڑھے:
دو رکعت سنت + دو رکعت نفل۔

* مسجد میں چار رکعت کا حوالہ: حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: “جو شخص جمعہ کے بعد نماز پڑھنا چاہے تو وہ چار رکعت پڑھے، (صحیح مسلم)

* گھر میں دو رکعت کا حوالہ: حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم جمعہ کے بعد گھر تشریف لاتے تو دو رکعت نفل (سنت) گھر میں پڑھتے تھے۔ (صحیح البخاری اور صحیح مسلم)

4.اس کے بعد دو رکعت نفل:
مسجد یا گھر میں سنتوں کے بعد مزید دو رکعت نفل ادا کرنا بھی مستحب عمل ہے، جس سے کل رکعتوں کا یہ پورا مسنون مجموعہ مکمل ہوتا ہے۔

نوٹ:
مسجد میں چار رکعت سنت اور پھر گھر میں دو رکعت سنت یعنی کل 6 رکعت سنت نہیں۔

تحقیق و تحریر:
انجینیئر نذیر ملک سرگودھا
Please visit us at www.nazirmalik.com Cell 0092300860 4333