November 19, 2026

مشیر اطلاعات ثمر ہارون بلور کی ریڈیو براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن کی نومنتخب کابینہ سے حلف برداری، بقایاجات کی جلد ادائیگی اور باقاعدہ ادائیگیوں کی یقین دہانی

IMG-20261119-WA0222

مشیر اطلاعات ثمر ہارون بلور کی ریڈیو براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن کی نومنتخب کابینہ سے حلف برداری، بقایاجات کی جلد ادائیگی اور باقاعدہ ادائیگیوں کی یقین دہانی

تقریب میں آمد پر مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا ثمر ہارون بلور کو روایتی چادر بھی پہنائی گئیں۔

مردان(نمائندہ خصوصی)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق گورنر خیبر پختونخوا کی مشیر برائے اطلاعات ثمر ہارون بلور نے کہا ہے کہ ریڈیو براڈکاسٹرز کو درپیش مسائل اور مشکلات سے بخوبی آگاہ ہیں، ان کے بقایاجات جلد ادا کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے جبکہ مستقبل میں باقاعدہ اور بروقت ادائیگیوں کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریڈیو براڈکاسٹرز کے فیس اسٹرکچر پر نظرثانی کے لیے بھی کام کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مردان میں ریڈیو براڈکاسٹر ایسوسی ایشن کی حلف برداری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مشیر اطلاعات ثمر ہارون بلور نے ایسوسی ایشن کی نومنتخب کابینہ سے حلف لیا اور انہیں نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔ تقریب میں آمد پر انہیں روایتی چادر بھی پہنائی گئی۔مشیر اطلاعات نے ریڈیو براڈکاسٹرز کی خدمات اور کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ریڈیو آج بھی ذرائع ابلاغ کا ایک مؤثر اور اہم ذریعہ ہے، جو بالخصوص دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں عوام تک بروقت معلومات پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ قدرتی آفات، ہنگامی حالات، عوامی آگاہی مہمات اور حکومتی اقدامات سے متعلق معلومات کی ترسیل میں ریڈیو کی اہمیت مسلمہ ہے۔انہوں نے کہا کہ جدید ذرائع ابلاغ اور سوشل میڈیا کی تیز رفتار ترقی کے باوجود ریڈیو اپنی افادیت اور اہمیت برقرار رکھے ہوئے ہے۔ یہ نہ صرف عوام کو باخبر رکھنے بلکہ مقامی زبانوں، ثقافت اور علاقائی شناخت کے فروغ کا بھی ایک مؤثر ذریعہ ہے۔ثمر ہارون بلور نے کہا کہ ریڈیو براڈکاسٹرز عوامی رابطے اور معلومات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، اس لیے ان کے مسائل کا حل اور پیشہ ورانہ خدمات کا اعتراف ضروری ہے۔ حکومت ریڈیو براڈکاسٹرز کے جائز مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کرے گی۔مشیر اطلاعات نے نومنتخب کابینہ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نئی کابینہ ریڈیو براڈکاسٹرز کے حقوق کے تحفظ، باہمی اتحاد اور پیشہ ورانہ سرگرمیوں کے فروغ کے لیے مؤثر کردار ادا کرے گی۔