خواتین کو وراثتی جائیداد میں شرعی و قانونی حصہ دلانے اور ریونیو شکایات کے فوری ازالے کے لیے کمشنر مردان کی افسران کو ہدایات
خواتین کو وراثتی جائیداد میں شرعی و قانونی حصہ دلانے اور ریونیو شکایات کے فوری ازالے کے لیے کمشنر مردان کی افسران کو ہدایات
خواتین کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں، شکایات کے ازالے میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔کمشنر مردان
مردان(نمائندہ خصوصی)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق کمشنر مردان ڈویژن سید محمد علی شاہ اور صوبائی محتسب برائے تحفظ خواتین محترمہ رباب مہدی کی زیرِ صدارت ٹاؤن ہال مردان میں خواتین کے حقوق کے تحفظ، انہیں وراثتی جائیداد میں شرعی و قانونی حصہ دلانے، ریونیو سے متعلق شکایات کے ازالے اور کام کی جگہوں پر ہراسگی کی روک تھام کے حوالے سے خصوصی کھلی کچہری منعقد ہوئی۔کھلی کچہری میں ڈپٹی کمشنر مردان شاہ سعود اور ضلع مردان کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز نے شرکت کی۔ اس موقع پر خواتین کو اپنے مسائل، شکایات اور قانونی حقوق سے متعلق درخواستیں براہِ راست کمشنر مردان، صوبائی محتسب اور متعلقہ افسران کے سامنے پیش کرنے کا موقع فراہم کیا گیا۔صوبائی محتسب برائے تحفظ خواتین محترمہ رباب مہدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ خواتین کو وراثتی جائیداد میں ان کے شرعی و قانونی حقوق سے محروم رکھنا کسی صورت قابل قبول نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ محتسب سیکرٹریٹ خیبر پختونخوا نے صرف ایک سال کے دوران 22 ہزار سے زائد سماعتیں منعقد کیں، جبکہ ادارے کی مؤثر مداخلت کے نتیجے میں خواتین کو تقریباً 4.2 ارب روپے مالیت کی جائز اور قانونی جائیدادوں کے حقوق دلائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو وراثتی حقوق کی فراہمی، ریونیو معاملات میں درپیش مشکلات کا حل اور کام کی جگہوں پر ہراسگی سے تحفظ فراہم کرنا ادارے کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے خواتین پر زور دیا کہ وہ اپنے حقوق کے حصول کے لیے بلاخوف و جھجھک متعلقہ فورمز سے رجوع کریں۔کھلی کچہری کے دوران خواتین نے وراثتی جائیداد میں حصہ نہ ملنے، جائیداد کی تقسیم، انتقالات اور دیگر ریونیو معاملات سے متعلق اپنی درخواستیں اور شکایات پیش کیں۔ کمشنر مردان اور صوبائی محتسب نے درخواست گزار خواتین کی شکایات تفصیل سے سنیں اور موقع پر ہی متعلقہ افسران کو قانون کے مطابق کارروائی اور بروقت عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔ متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر حکام کو شکایات پر پیش رفت اور تعمیلی رپورٹس فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔اس موقع پر کمشنر مردان ڈویژن سید محمد علی شاہ نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ خواتین کے حقوق سے متعلق شکایات کو خصوصی اہمیت دی جائے اور ایسے معاملات میں ادارہ جاتی رابطہ کاری اور مؤثر پیروی یقینی بنائی جائے تاکہ خواتین کو بروقت انصاف کی فراہمی ممکن ہو سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ خواتین کے جائز حقوق کے تحفظ اور ان کی شکایات کے ازالے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر مردان شاہ سعود نے ضلع بھر کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وراثتی جائیداد، انتقالات، تقسیمِ جائیداد اور دیگر ریونیو معاملات میں خواتین کے قانونی حقوق کا مکمل تحفظ یقینی بنایا جائے۔ صوبائی محتسب کی جانب سے موصول ہونے والی درخواستوں اور شکایات پر فوری کارروائی کرتے ہوئے مقررہ مدت کے اندر تعمیلی رپورٹس ارسال کی جائیں۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ خواتین کو سرکاری دفاتر میں عزت و احترام کے ساتھ سنا جائے اور ان کے مسائل کے حل میں کسی قسم کی غیر ضروری تاخیر یا غفلت نہ برتی جائے۔کھلی کچہری کا مقصد خواتین کو ان کے قانونی حقوق سے آگاہی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں اعلیٰ حکام تک براہِ راست رسائی دینا، ان کی شکایات کا فوری ازالہ اور وراثتی جائیداد میں ان کے جائز حقوق کی فراہمی یقینی بنانا تھا۔