سنگھ ہرپال کے لرزہ خیز قتل کے مقدمے میں دو پاکستانی شہریوں کو مجموعی طور پر 39 سال قید با مشقت کی سزا سنائی گئی۔
سنگھ ہرپال کے لرزہ خیز قتل کے مقدمے میں دو پاکستانی شہریوں کو مجموعی طور پر 39 سال قید با مشقت کی سزا سنائی گئی۔
عدالت نے مقدمے کی سماعت مکمل ہونے کے بعد اپنے فیصلے میں 24 سالہ محمد صفیان کو 22 سال اور 32 سالہ محمد چاند کو 17 سال قید کی سزا کا حکم دیا ہے۔
فلورنس(انٹرنیشنل ڈیسک)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق اٹلی کے تاریخی شہر فلورنس کی عدالت عالیہ (کورٹ آف اسائز) نے صوبہ پراتو کے صنعتی علاقے سیانو میں ٹیکسٹائل ٹرانسپورٹر اور ہندوستانی سکھ برادری کے سابق رہنما سنگھ ہرپال کے لرزہ خیز قتل کے مقدمے میں دو پاکستانی شہریوں کو مجموعی طور پر 39 سال قیدِ بامشقت کی سزا سنائی ہے۔ عدالت نے مقدمے کی سماعت مکمل ہونے کے بعد اپنے فیصلے میں 24 سالہ محمد صفیان کو 22 سال اور 32 سالہ محمد چاند کو 17 سال قید کی سزا کا حکم دیا ہے۔ استغاثہ اور عدالتی بینچ نے دونوں ملزمان کو سنگھ ہرپال کے بے رحمانہ قتل کے ساتھ ساتھ مقتول کی جیب سے 4 ہزار یورو نقد رقم اور ان کا موبائل فون چھیننے کے جرم میں بھی قصوروار قرار دیا ہے، جبکہ واردات میں معمولی وجوہات پر جان لینے کی سنگین دفعات بھی فیصلے کا حصہ بنائی گئی ہیں۔اس خونریز واقعے کا پس منظر 9 فروری 2024ء کی شام سے جڑا ہے، جب 59 سالہ سنگھ ہرپال پراتو کی میونسپلٹی کارمینیانو کے علاقے سیانو کے ایک صنعتی احاطے میں موجود تھے۔ سنگھ ہرپال ریجو امیلیا کے قصبے نوویلارا میں مقیم تھے اور وہاں کے معروف گردوارے کے سابق صدر رہ چکے تھے، جس کے باعث وہ اٹلی کی ہندوستانی کمیونٹی میں ایک بااثر اور محترم شخصیت مانے جاتے تھے۔ پیشہ ورانہ اعتبار سے وہ پراتو کے وسیع گارمنٹس اور ٹیکسٹائل ڈسٹرکٹ سے چینی کمپنیوں کا تیار کردہ مال جمع کر کے اسے یورپی اور دیگر ممالک میں ترسیل کرنے کا کام منظم کرتے تھے۔ دونوں پاکستانی ملزمان، صفیان اور چاند، ان کے ماتحت اسی کام میں لوڈنگ اور ٹرانسپورٹ کی مددگار کے طور پر ملازمت کر رہے تھے۔ واقعے والے دن کام کے دوران حساب کتاب اور اجرت کے معمولی تنازع پر بات اتنی بڑھی کہ ملزمان نے فیکٹری یارڈ کی کھلی جگہ پر سنگھ ہرپال کو گھیر لیا اور ان پر تیز دھار چاقو سے اندھا دھند وار کیے۔ بازوؤں اور ٹانگوں پر لگنے والے گہرے گھاؤ اور شدید خون بہنے کے باعث ان کی موقع پر ہی موت واقع ہو گئی، جس کے بعد ملزمان ان کی لاش وہیں چھوڑ کر نقدی اور موبائل لوٹ کر فرار ہو گئے۔واقعے کے وقت سنگھ ہرپال کا بیٹا بھی کام کے سلسلے میں اسی علاقے میں موجود تھا۔ والد کے فون پر مسلسل کالز کا جواب نہ ملنے پر پریشان بیٹے نے تلاش شروع کی اور بالآخر صنعتی احاطے سے اپنے والد کی خون میں لت پت لاش برآمد کی۔ فوری طور پر پولیس، کارابینیری اور پراتو کے پراسیکیوٹر آفس نے تفتیش کا آغاز کیا۔ تفتیش کاروں نے قریبی فیکٹریوں کے سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ حاصل کی جس میں مشتبہ افراد کی شناخت واضح ہوئی، جبکہ دوسری جانب ملزمان کے موبائل فونز کی خفیہ نگرانی (انٹرسیپشن اور فون ٹیپنگ) شروع کی گئی۔ فون پر ہونے والی بات چیت سے حکام پر یہ سنسنی خیز انکشاف ہوا کہ دونوں ملزمان واردات کے بعد پراتو سے نکل چکے ہیں اور اٹلی کی سرحد پار کر کے بذریعہ ٹرین پرتگال فرار ہونے کا حتمی منصوبہ بنا چکے ہیں۔ پولیس نے فوری ناکہ بندی کر کے تورین (Torino) جانے والی ٹرین میں سوار دونوں ملزمان کو حراست میں لے کر پراتو جیل منتقل کر دیا تھا، جہاں وہ مقدمے کے دوران قید رہے۔فلورنس کی کورٹ آف اسائز نے شواہد، گواہوں کے بیانات اور سائنسی و فرانزک جانچ پڑتال کے بعد فیصلہ سنا کر دونوں کو جیل بھیجنے کا حکم دیا ہے۔ قانونی ماہرین کے مطابق عدالت کا یہ فیصلہ ابتدائی ڈگری (فرسٹ انسٹینس ورڈکٹ) ہے، جس کے خلاف ملزمان کے وکلا کو اعلیٰ عدالتوں میں اپیل دائر کرنے کا قانونی حق حاصل ہے، تاہم عدالت نے سنگھ ہرپال کے قتل کو معمولی بات پر کی جانے والی کھلی جارحیت اور ڈکیتی قرار دیتے ہوئے دونوں پاکستانی شہریوں کو سخت سزائیں سنائی ہیں۔