سکھر(بیورورپورٹ)سکھر سول اسپتال کی اپ گریڈیشن کا منصوبہ، جدید ایمرجنسی وارڈ اور آپریشن
سکھر(بیورورپورٹ)سکھر سول اسپتال کی اپ گریڈیشن کا منصوبہ، جدید ایمرجنسی وارڈ اور آپریشن تھیٹر کی تعمیر آخری مراحل میں داخل، تین ماہ میں کام مکمل کرنے کی ہدایت خبر کے مطابق غلام محمد مہر میڈیکل کالج ٹیچنگ سول اسپتال سکھر کو جدید طبی سہولیات سے آراستہ کرنے اور ایمرجنسی نظام کو مزید مو¿ثر بنانے کے لیے جاری ترقیاتی منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے۔ اس سلسلے میں چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل سکھر سید کمیل حیدر شاہ اور کمشنر سکھر ڈویژن سلیم عابد قریشی نے اسپتال کا دورہ کیا اور جدید ایمرجنسی وارڈ، آپریشن تھیٹر اور دیگر تعمیراتی و مرمتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران متعلقہ افسران نے انہیں منصوبے کے مختلف مراحل، تعمیراتی پیش رفت اور اسپتال میں فراہم کی جانے والی نئی طبی سہولیات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل اور کمشنر سکھر ڈویڑن نے تعمیراتی کام کا معائنہ کرتے ہوئے ٹھیکیدار اور متعلقہ عملے کو ہدایات جاری کیں کہ منصوبے کو مقررہ معیار کے مطابق تیزی سے مکمل کیا جائے اور آئندہ تین ماہ کے اندر تمام تعمیراتی و مرمتی کام مکمل کرنے کو یقینی بنایا جائے، تاکہ عوام کو جلد از جلد جدید طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔