October 25, 2026

*یوم یکجہتی فلسطین کی مناسبت سے نارتھ ناظم آباد ٹاؤن میں عظیم الشان واک کا انعقاد*

IMG-20241007-WA0100

*یوم یکجہتی فلسطین کی مناسبت سے نارتھ ناظم آباد ٹاؤن میں عظیم الشان واک کا انعقاد*

کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) چئیرمین نارتھ ناظم آباد ٹاؤن عاطف علی خان کی خصوصی ہدایت پر آج فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کیلئے “یوم یکجہتی فلسطین” کے عنوان سے ایک عظیم الشان واک کا انعقاد کیا گیا۔ واک ٹاؤن آفس سے مین روڈ تک نکالی گئی، جس میں ٹاؤن کے تمام ڈیپارٹمنٹس، اسکولوں کے بچے، اساتذہ، مقامی افراد اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔ واک کے دوران شرکاء نے فلسطینی عوام کے حق میں نعرے لگائے اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر فلسطین کی آزادی اور انسانی حقوق کے تحفظ کے پیغامات درج تھے۔ واک کا مقصد دنیا کو پیغام دینا تھا کہ پاکستانی عوام ہمیشہ فلسطینی بھائیوں کیساتھ کھڑے ہیں اور انکی جدوجہد آزادی میں انکا ساتھ دیں گے۔ واک کے اختتام پر چئیرمین نارتھ ناظم آباد عاطف علی خان اور وائس چیئرمین ضیاء الدین جامعی نے شرکاء سے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں عاطف علی خان نے کہا، “فلسطینی عوام کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، اور ہم پاکستانی عوام انکے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ فلسطینیوں پر ہونے والے ظلم و ستم کی مذمت کرتے ہوئے، ہم ہر فورم پر انکے حقوق کیلئے آواز اٹھاتے رہیں گے۔” وائس چیئرمین ضیاء الدین جامعی نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا، “آج کی واک نہ صرف ہماری حمایت کا مظہر ہے بلکہ یہ اس بات کا عزم بھی ہے کہ ہم فلسطینی بھائیوں کی جدوجہد آزادی کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔ ہمیں فلسطین کے مسئلے پر متحد رہنا ہوگا اور دنیا کو یہ پیغام دینا ہوگا کہ فلسطین کا مسئلہ انسانیت کا مسئلہ ہے، جسے حل ہونا چاہئے۔” واک کے دوران اسکولوں کے بچوں نے بھی فلسطینی عوام سے والہانہ محبت کا اظہار کیا۔ نارتھ ناظم آباد کے شہریوں نے شرکت کرکے فلسطینی عوام کیساتھ اپنی بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔ واک کا اختتام دعا سے کیا گیا، جس میں شرکاء نے فلسطین کی آزادی اور دنیا بھر میں امن و امان کی بحالی کیلئے دعائیں کیں۔