بہاولنگر۔۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بہاولنگر محمد عمران کا سرکل چشتیاں کا اہم دورہ؛ ایس ڈی پی او آفس، تھانہ جات اور ٹریفک ڈرائیونگ سکول کی فارمل انسپکشن
بہاولنگر۔۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بہاولنگر محمد عمران کا سرکل چشتیاں کا اہم دورہ؛ ایس ڈی پی او آفس، تھانہ جات اور ٹریفک ڈرائیونگ سکول کی فارمل انسپکشن
تفصیلات کے مطابق ڈی پی او بہاولنگر محمد عمران نے سرکل چشتیاں کا تفصیلی دورہ کیا، جس کے دوران انہوں نے ایس ڈی پی او آفس چشتیاں، تھانہ سٹی اے ڈویژن، تھانہ صدر چشتیاں اور ٹریفک ڈرائیونگ سکول چشتیاں کا وزٹ اور فارمل انسپکشن کی۔ اس دورے کا بنیادی مقصد امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینا، دفتری ریکارڈ کی پڑتال اور عوامی سروس ڈیلیوری کے معیار کو مزید بہتر بنانا تھا۔ دورے کے دوران ڈی پی او محمد عمران نے تھانہ جات سٹی اے ڈویژن اور صدر چشتیاں میں فارمل انسپکشن کے دوران تھانہ کے دفتری ریکارڈ، روزنامچہ، اور مال خانہ کا باریک بینی سے معائنہ کیا۔ انہوں نے محرران کو ریکارڈ کی فوری اور سو فیصد تکمیل کو یقینی بنانے کی سخت ہدایت دی۔ انہوں نے تھانہ جات کی سیکیورٹی اور حوالات میں بند ملزمان کے قانونی عمل کا جائزہ لیااور واشگاف الفاظ میں کہا کہ شہریوں کے حقوق کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور کسی بھی سطح پر غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ٹریفک ڈرائیونگ سکول چشتیاں کے معائنے کے دوران ڈی پی او نے وہاں فراہم کی جانے والی ٹریننگ کے معیار، کمپیوٹر لیب اور ڈرائیونگ ٹریک کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ڈرائیونگ سیکھنے کے لیے آنے والے شہریوں کو بہترین اور میرٹ پر سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ سرکل آفس میں سرکل چشتیاں کے زیرِ التواء مقدمات اور تفتیشی امور کا جائزہ لیا گیا، اور ڈی پی او نے کرائم کنٹرول اور اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے لیے مہم تیز کرنے کا حکم دیا۔ ڈی پی او بہاولنگر محمد عمران نے افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تھانہ سطح پر آنے والے سائلین کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے اور ان کے مسائل کو فوری میرٹ پر حل کیا جائے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ضلع بھر میں قانون کی بالادستی اور جرائم کا خاتمہ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
ترجمان بہاولنگر پولیس