خوشاب (راجہ نورالٰہی عاطف سے) ضلع خوشاب کے معروف پنجابی شاعر و ادیب امتیاز حسین امتیاز کو
خوشاب (راجہ نورالٰہی عاطف سے) ضلع خوشاب کے معروف پنجابی شاعر و ادیب امتیاز حسین امتیاز کو ان کی ادبی خدمات کے اعتراف میں چوتھی عالمی پنجابی کانفرنس 2026ء کے موقع پر ستارۂ پنجاب گولڈ میڈل سے نوازا جائے گا۔ یہ اعزاز 22 نومبر 2026ء بروز اتوار شام 6 بجے پلاک آڈیٹوریم، قذافی اسٹیڈیم لاہور میں منعقد ہونے والی تقریب کے دوران پیش کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پنجابی ورثہ پاکستان کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی چوتھی عالمی پنجابی کانفرنس میں پنجابی زبان و ادب کے فروغ، ترویج اور تحفظ کے لیے خدمات انجام دینے والے نامور پنجابی شاعروں، ادیبوں اور گلوکاروں کو ستارۂ پنجاب گولڈ میڈل سے نوازا جائے گا۔ اس سلسلے میں ضلع خوشاب سے تعلق رکھنے والے معروف پنجابی ادیب امتیاز حسین امتیاز کا انتخاب بھی کیا گیا ہے۔
امتیاز حسین امتیاز کے لیے یہ اعزاز نہ صرف ان کی ادبی خدمات کا اعتراف ہے بلکہ ضلع خوشاب کے لیے بھی باعثِ مسرت و افتخار ہے۔ ان کے اعزاز پر عوامی، سماجی، ادبی، علمی اور صحافتی حلقوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں دلی مبارکباد پیش کی ہے اور اس امید کا اظہار کیا ہے کہ وہ آئندہ بھی پنجابی زبان و ادب کی ترویج و ترقی کے لیے اپنی ادبی خدمات جاری رکھیں گے۔
کانفرنس کا مرکزی پیغام ’’پنجاب سلامت تا قیامت، اکٹھ‘‘ پنجابی ثقافت، زبان، ادب اور باہمی اتحاد و یکجہتی کے فروغ کی عکاسی کرتا ہے۔