November 1, 2026

اٹلی کے شہر بولزانو میں پولیس کے خصوصی آپریشن کا آغاز کیا گیا۔

IMG-20261101-WA0024

اٹلی کے شہر بولزانو میں پولیس کے خصوصی آپریشن کا آغاز کیا گیا۔

آپریشن کے دوران 400 سے زائد افراد کی شناخت، 14 افراد کے خلاف مقدمات اور ایک شخص کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔

بولزانو(انٹرنیشنل ڈیسک)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق اٹلی کے شہر بولزانو میں پولیس کے خصوصی آپریشن کے دوران 400 سے زائد افراد کی شناخت، 14 افراد کے خلاف مقدمات اور ایک شخص کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔ بولزانو پولیس نے 29 اور 30 اکتوبر کو شہر کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی اور نگرانی کے خصوصی اقدامات کیے، جن کی ہدایت صوبائی پولیس چیف جوزپے فیراری نے دی تھی، جبکہ اس کارروائی میں تورینو کے کرائم پریوینشن یونٹ نے بھی معاونت کی۔ پولیس کے مطابق ان دو دنوں کے دوران تقریباً 60 گاڑیوں کی تلاشی اور جانچ پڑتال کی گئی جبکہ مختلف جرائم میں ملوث ہونے کے شبہے میں 14 افراد کو عدالتی حکام کے حوالے کرنے کے لیے رپورٹ کیا گیا۔ ان میں چھ غیر ملکی شہری بھی شامل تھے جو اٹلی میں قانونی طور پر مقیم تھے، تاہم ان پر الزام تھا کہ انہوں نے پولیس کی جانب سے جاری کردہ مخصوص علاقے سے دور رہنے کے حکم (فوگلیو دی ویا) کی خلاف ورزی کی۔ ایک اہم کارروائی ویا انسبرک کے علاقے میں سامنے آئی، جہاں ایک عمارت میں فائر الارم بجنے کی اطلاع پر پولیس پہنچی۔ ابتدائی معائنے کے دوران عمارت میں زبردستی داخلے کے آثار اور ایک گودام نما تکنیکی کمرے میں عارضی قیام کے انتظامات ملے۔ بعد ازاں دوبارہ تلاشی کے دوران پولیس نے تین غیر ملکی شہریوں کو وہاں موجود پایا، جو پناہ کے درخواست گزار تھے اور مبینہ طور پر عمارت میں غیر قانونی طور پر داخل ہو کر اسے عارضی رہائش کے طور پر استعمال کر رہے تھے۔ تینوں کے خلاف عمارت کو نقصان پہنچانے اور غیر قانونی طور پر اس پر قبضہ کرنے کے الزامات کے تحت کارروائی کی گئی۔ اسی دوران ایک مراکشی شہری کو 0.43 گرام کوکین رکھنے پر انتظامی جرمانہ بھی کیا گیا۔ پولیس نے ایک تیونسی شہری کو چوری کی سائیکل رکھنے کے الزام میں رپورٹ کیا، جسے بعد میں اصل مالک خاتون نے شناخت کر لیا اور سائیکل اسے واپس کر دی گئی۔ اس کے علاوہ ایک اطالوی شہری کو گھر میں نظر بندی کے حکم کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گھر سے باہر پائے جانے پر رپورٹ کیا گیا۔ دکانوں میں چوری کے واقعات کے خلاف کارروائی میں ایک پاکستانی شہری کو سپر مارکیٹ سے مجموعی طور پر 168 یورو مالیت کی شراب چوری کرنے کی کوشش کے الزام میں رپورٹ کیا گیا، تاہم سامان برآمد کرکے دکان کو واپس کر دیا گیا۔ ایک مراکشی شہری پر ایک دکان سے 36 کاسمیٹک مصنوعات چوری کرنے کا الزام بھی عائد کیا گیا۔ اینٹی تھیفٹ الارم بجنے پر دکان کی ذمہ دار خاتون نے پولیس کو اطلاع دی، جس کے بعد اہلکاروں نے مشتبہ شخص کو بس میں سوار ہونے سے پہلے روک لیا اور تمام مصنوعات برآمد کر لیں۔ کارروائی کا سب سے سنگین واقعہ ایک سڑک حادثے کے بعد پیش آیا، جہاں ڈیوٹی سے باہر موجود ایک پولیس اہلکار نے اپنی رہائش گاہ سے ایک گاڑی کو سڑک کے کنارے پیدل چلنے والوں کی حفاظت کے لیے لگائی گئی رکاوٹوں سے ٹکراتے دیکھا۔ وہ فوری طور پر نیچے پہنچا تو گاڑی کا ڈرائیور مبینہ طور پر شراب کے نشے میں تھا اور موقع سے فرار ہونے کی کوشش کرنے لگا۔ پولیس اہلکار نے اسے روک لیا، تاہم اس شخص نے بعد میں موقع پر پہنچنے والے دیگر اہلکاروں کے ساتھ بھی مزاحمت کی۔ گرفتار ہونے والا شخص البانوی شہری تھا، جسے سرکاری اہلکاروں کے خلاف مزاحمت اور انہیں زخمی کرنے کے الزامات میں گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق ان کارروائیوں کا مقصد شہر میں چوری، غیر قانونی سرگرمیوں اور دیگر جرائم کی روک تھام کے ساتھ عوامی تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔