October 31, 2026

سکھر(بیورورپورٹ سید نصیر حسین زیدی)سکھر میں شہریوں کو مضرِ صحت اور ناقص گوشت کی فروخت

Screenshot_2026-10-28_154339.244

سکھر(بیورورپورٹ سید نصیر حسین زیدی)سکھر میں شہریوں کو مضرِ صحت اور ناقص گوشت کی فروخت کے خلاف ضلعی انتظامیہ نے بڑا آپریشن کرتے ہوئے بھاری مقدار میں بدبودار، مضرِ صحت اور ناقابلِ استعمال گوشت برآمد کرکے قبضے میں لے لیا اور موقع پر ہی تلف کر دیا۔ ویٹرنری آفیسر کی رپورٹ کے مطابق برآمد ہونے والا گوشت بیمار جانوروں کا تھا، جو انسانی صحت کے لیے انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتا تھا۔ کارروائی کے دوران متعدد قصابوں کی دکانوں کی چیکنگ کی گئی، جبکہ ناقص گوشت کی فروخت، حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی اور سرکاری نرخوں سے زائد قیمتیں وصول کرنے پر دکانداروں کے خلاف جرمانے عائد کیے گئے.تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر نیو سکھر بشریٰ منصور اور اسسٹنٹ کمشنر سکھر سٹی سارہ فراز نے مختیارکار سکھر سٹی بابر بُلو، سندھ فوڈ اتھارٹی، بیورو آف پرائسز اینڈ سپلائی کنٹرول اور ویٹرنری آفیسر کے ہمراہ علی الصبح تعلقہ سکھر سٹی اور نیو سکھر کے مختلف علاقوں میں گوشت کی دکانوں پر اچانک چھاپے مارے۔انتظامی ٹیم نے نیو سکھر، گھنٹہ گھر اور ان کے ملحقہ علاقوں میں قصابوں کی متعدد دکانوں کا معائنہ کیا، جہاں گوشت کے معیار، صفائی ستھرائی اور حفظانِ صحت کے اصولوں پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا۔ اس دوران مختلف دکانوں سے بڑی مقدار میں بدبودار، ناقص اور انسانی استعمال کے لیے غیر موزوں گوشت برآمد ہوا، جسے فوری طور پر سرکاری تحویل میں لے کر تلف کر دیا گیا۔ویٹرنری آفیسر کی جانب سے برآمد شدہ گوشت کی جانچ پڑتال کے بعد رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ مذکورہ گوشت بیمار جانوروں کا تھا، جس کی انسانی خوراک کے طور پر فروخت شہریوں کی صحت کے لیے سنگین خطرے کا باعث بن سکتی تھی۔ انتظامیہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ناقص گوشت کو مارکیٹ میں فروخت ہونے سے روک دیا۔کارروائی کے دوران سرکاری نرخنامے کی خلاف ورزی کرنے، مقررہ قیمتوں سے زائد رقم وصول کرنے اور صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات رکھنے والے متعدد دکانداروں پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے، جبکہ بعض قصابوں کو آئندہ ایسی خلاف ورزیوں سے باز رہنے کے لیے سخت وارننگ جاری کی گئی۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنرز بشریٰ منصور اور سارہ فراز کا کہنا تھا کہ شہریوں کو معیاری اور صحت بخش خوراک کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ مضرِ صحت گوشت کی فروخت اور عوام کی زندگیوں سے کھیلنے والے عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری رہیں گی۔ا