October 31, 2026

*جامعہ کراچی: ’ہم نشست‘ کی پانچویں نشست کا انعقاد* کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) جامعہ کراچی کے

IMG-20261031-WA0103

*جامعہ کراچی: ’ہم نشست‘ کی پانچویں نشست کا انعقاد*

کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) جامعہ کراچی کے شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن میں قائم وزڈم تھراپی سینٹر کے زیر اہتمام، پروفیسر ڈاکٹر سید شبیب الحسن کی زیر نگرانی اور لکی ٹیکسٹائل ملز لمیٹڈ اور یوتھ ڈیولپمنٹ ایجوکیشن اینڈ اسپورٹس سوسائٹی کے اشتراک سے ’ہم نشست‘ کی پانچویں نشست گزشتہ روز وزڈم تھراپی سینٹر، شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن، جامعہ کراچی میں منعقد ہوئی، جس میں معروف مصنف، مینجمنٹ کنسلٹنٹ اور لائف کوچ اختر عباس نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اختر عباس کو عظیم ادیب اور دانشور اشفاق احمد کے شاگردِ خاص کے طور پر بھی جانا جاتا ہے۔ اپنے خطاب میں اختر عباس نے زندگی کے بدلتے ہوئے تجربات سے سیکھنے، اپنی شخصیت اور اندرونی کردار کو بہتر بنانے اور خاموش غور و فکر کے ذریعے حکمت و دانائی حاصل کرنے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے عملی زندگی میں حکمت، جذباتی ذہانت اور اخلاقی رہنمائی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ انسان اپنی زندگی کے تجربات، مشاہدات اور خود احتسابی کے ذریعے اپنی شخصیت میں مثبت تبدیلی لا سکتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی میں کامیابی کے لیے محض علمی قابلیت کافی نہیں بلکہ جذبات کو سمجھنے، حالات کا درست ادراک کرنے، دانش مندانہ فیصلے کرنے اور اخلاقی اقدار کو اپنانے کی صلاحیت بھی ضروری ہے۔ ان کے کلیدی خطاب کے بعد ایک تعاملی سوال و جواب کی نشست کا اہتمام کیا گیا، جس میں طلبہ و طالبات نے تعلیمی، ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی سے متعلق مختلف سوالات کیے۔ اس موقع پر شرکاء کو مہمانِ خصوصی کے تجربات، مشاہدات اور انفرادی رہنمائی سے استفادہ کرنے کا موقع ملا۔