ڈپٹی کمشنر پشاور آفاق وزیر اور کمانڈنٹ 102 بریگیڈ کا قصہ خوانی بازار اور اندرونِ شہر کے مختلف بازاروں کا دورہ۔
ڈپٹی کمشنر پشاور آفاق وزیر اور کمانڈنٹ 102 بریگیڈ کا قصہ خوانی بازار اور اندرونِ شہر کے مختلف بازاروں کا دورہ۔
تجاوزات کے خاتمے، بازاروں کی تزئین و آرائش، رینوویشن اور ماڈل بازاروں کے قیام کے حوالے سے مختلف امور کا جائزہ۔
پشاور(نمائندہ خصوصی)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق ڈپٹی کمشنر پشاور آفاق وزیر اور کمانڈنٹ 102 بریگیڈ نگرانی قصہ خوانی بازار اور اندرونِ شہر کے دیگر اہم بازاروں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر بازاروں میں تجاوزات کی صورتحال، عوامی آمدورفت، ٹریفک کی روانی، صفائی ستھرائی اور بازاروں کی مجموعی حالت کا جائزہ لیا گیا، جبکہ بازاروں کو جدید خطوط پر استوار کرنے، تزئین و آرائش اور رینوویشن کے حوالے سے بھی مختلف امور زیرِ غور آئے۔دورے کا مقصد تاریخی بازاروں کو زیادہ منظم، صاف ستھرا، کشادہ اور عوام دوست بنانا، شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنا اور کاروباری سرگرمیوں کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا ہے۔ڈپٹی کمشنر پشاور نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ بازاروں میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور پیدل چلنے والوں کے راستوں کو ہر قسم کی رکاوٹوں سے پاک رکھا جائے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بازاروں میں ٹریفک کی روانی، صفائی ستھرائی اور نظم و ضبط کو بہتر بنانے کے لیے مربوط حکمت عملی اپنائی جائے تاکہ شہریوں اور تاجر برادری دونوں کو سہولت میسر آ سکے۔اس موقع پر بازاروں کی رینوویشن، تزئین و آرائش، انفراسٹرکچر کی بہتری اور ماڈل بازاروں کی طرز پر جدید سہولیات کی فراہمی کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ان اقدامات کا مقصد بازاروں کو ایک بہتر تجارتی مرکز بنانا ہے جہاں خریداروں کو آسان آمدورفت، صاف ستھرا ماحول اور بہتر سہولیات میسر ہوں، جبکہ دکانداروں کو بھی کاروبار کے لیے منظم اور سازگار ماحول فراہم کیا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر پشاور نے اس امر پر زور دیا کہ تاریخی بازاروں کی اصل شناخت اور ثقافتی اہمیت کو برقرار رکھتے ہوئے ان کی بہتری کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ بازاروں کی خوبصورتی میں اضافے، صفائی کے نظام کو مؤثر بنانے، عوامی گزرگاہوں کی بحالی اور مناسب انتظامات کے ذریعے اندرونِ شہر کے تجارتی مراکز کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ تاجر برادری کو اعتماد میں لے کر تجاوزات سے متعلق مسائل حل کیے جائیں اور قانون کے مطابق ایسے اقدامات کیے جائیں جن سے عوامی مفاد کا تحفظ بھی ہو اور تاجروں کے جائز کاروباری حقوق بھی برقرار رہیں۔دکانداروں سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے اس بات کی اہمیت اجاگر کی گئی کہ بازاروں کو صاف ستھرا، منظم اور تجاوزات سے پاک رکھنے میں تمام متعلقہ فریقوں کا کردار ضروری ہے۔قصہ خوانی بازار اور اندرونِ شہر کے دیگر بازار پشاور کی تاریخی، ثقافتی اور تجارتی پہچان ہیں۔ ان بازاروں کی بہتری، رینوویشن اور جدید سہولیات کی فراہمی سے شہریوں کو خریداری میں آسانی، کاروباری سرگرمیوں کو فروغ اور شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ممکن ہوگا۔ضلعی انتظامیہ پشاور شہری سہولیات کی بہتری، منظم بازاروں کے قیام، تجاوزات کے خاتمے اور پشاور کو صاف ستھرا، خوبصورت اور عوام دوست شہر بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی۔