October 25, 2026

جماعت اصلاح المسلمین ضلع سکھر کی مجلسِ عاملہ کی تقریب، امن، محبت، رواداری اور بھائی چارے کے فروغ پر زور

IMG-20261025-WA0203

جماعت اصلاح المسلمین ضلع سکھر کی مجلسِ عاملہ کی تقریب، امن، محبت، رواداری اور بھائی چارے کے فروغ پر زور
گاؤں راہوجا کی شاخ پہلی، گاؤں بخشل خان لاکھو کی دوسری اور پرانے سکھر کی شاخ تیسری پوزیشن پر رہی

سکھر(بیورورپورٹ سید نصیر حسین زیدی)جماعت اصلاح المسلمین ضلع سکھر کے زیرِ اہتمام مجلسِ عاملہ کی ایک پروقار تقریب المرکز انوارِ طاہریہ، سائٹ ایریا سکھر میں منعقد ہوئی، جس میں جماعت کے عہدیداران اور مختلف برانچوں کے اراکین نے شرکت کی۔ تقریب میں جماعت کی تنظیمی سرگرمیوں، اصلاحی و فلاحی خدمات، مذہبی و اخلاقی تربیت اور معاشرے میں امن و محبت کے پیغام کو عام کرنے کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی۔تقریب کے معزز مہمانوں میں جماعت اصلاح المسلمین سندھ کے فنانس سیکریٹری خلیفہ محمد اقبال سوہو، پریس سیکریٹری ڈاکٹر سعید اعوان، معاون صدر خلیفہ مولانا اشرف جتوئی اور خلیفہ نیاز احمد راجپر شامل تھے۔تقریب کا آغاز ضلعی صدر خلیفہ محمود علی میمن کے استقبالیہ کلمات اور اظہارِ تشکر سے ہوا، جبکہ ضلعی جنرل سیکریٹری حافظ جمیل احمد نے تنظیمی رپورٹ پیش کرتے ہوئے جماعت کی مختلف سرگرمیوں، تنظیمی کارکردگی اور جاری منصوبوں کے بارے میں شرکاء کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر اصلاحی، فکری اور تنظیمی موضوعات پر لیکچرز بھی دیے گئے، جن میں دینی و اخلاقی تربیت اور معاشرتی اصلاح کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اصلاح المسلمین سندھ کے پریس سیکریٹری ڈاکٹر سعید اعوان نے کہا کہ ہمارے قائد و رہبر، فخرِ انسانیت سجن سائیں، امن اور محبت کا پرچم بلند کیے ہوئے ہیں۔ جماعت اصلاح المسلمین اسلام کے پیغامِ امن و سلامتی کو عام کرنے اور انسانیت، رواداری، بھائی چارے اور باہمی احترام کے جذبات کو فروغ دینے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ منبر و محراب سے محبت، بھائی چارے اور انسانیت کے پیغامات عام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ معاشرے سے نفرتوں کا خاتمہ، اتحاد و یکجہتی کو فروغ دینا اور ایک دوسرے کے عقائد، خیالات اور جذبات کا احترام کرنا ایک پُرامن اور مثالی معاشرے کی بنیاد ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جماعت کی تمام برانچیں اپنی تنظیمی، اصلاحی اور فلاحی سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنائیں گی تاکہ معاشرے میں مثبت تبدیلی لائی جا سکے۔اس موقع پر جماعت اصلاح المسلمین سندھ کے فنانس سیکریٹری خلیفہ محمد اقبال سوہو اور معاون صدر خلیفہ مولانا اشرف جتوئی نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے تنظیمی سرگرمیوں کو منظم انداز میں آگے بڑھانے، اراکین کی مذہبی و اخلاقی تربیت اور جماعت کے نظم و ضبط کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ جماعت کے پیغام کو عام کرنے کے لیے تمام عہدیداران اور اراکین کو باہمی تعاون، اخلاص اور ذمہ داری کے ساتھ اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔تقریب کے دوران ضلع سکھر کی مختلف برانچوں کی تنظیمی کارکردگی کے نتائج کا اعلان بھی کیا گیا، جس کے مطابق گاؤں راہوجا کی شاخ نے پہلی پوزیشن حاصل کی، گاؤں بخشل خان لاکھو کی شاخ دوسرے نمبر پر رہی، جبکہ پرانے سکھر کی شاخ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اس موقع پر نمایاں کارکردگی دکھانے والی شاخوں کی خدمات کو سراہا گیا۔تقریب کے اختتام پر خلیفہ نیاز احمد راجپر نے اجتماعی دعا کرائی۔ شرکاء نے جماعت اصلاح المسلمین کے امن، محبت، بھائی چارے اور انسانیت کی خدمت کے مشن کو مزید آگے بڑھانے کے ساتھ ساتھ تنظیمی، اصلاحی اور فلاحی سرگرمیوں کو مؤثر انداز میں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔