سکھر(بیورورپورٹ سید نصیر حسین زیدی)ایس ایس پی سکھر احمد چوہدری پی ایس پی، کیو پی ایم کی
سکھر(بیورورپورٹ سید نصیر حسین زیدی)ایس ایس پی سکھر احمد چوہدری پی ایس پی، کیو پی ایم کی ہدایت پر سکھر پولیس نے چوری شدہ سامان کی خرید و فروخت میں ملوث کباڑیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے لاکھوں روپے مالیت کا مسروقہ سامان برآمد کرکے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ایس ڈی پی او سائٹ ایریا عبدالقادر سومرو کی سربراہی میں تھانہ سائٹ ایریا پولیس نے گولیمار آئرن مارکیٹ کے قریب ایک کباڑ کے گودام پر کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران گودام سے بڑی تعداد میں مبینہ طور پر چوری شدہ سامان برآمد کیا گیا، جبکہ 3 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق برآمد ہونے والے سامان میں 3 لوڈر رکشہ جمبو، ایک موٹر سائیکل، بڑی مقدار میں موٹر سائیکلوں کے اسپیئر پارٹس، چھت والے پنکھے، موبائل ٹاورز کے مختلف پارٹس، لوہے کے ایگلز، ٹائرز، پانی والے موٹرز، یو پی ایس اور دیگر سامان شامل ہے۔ پولیس نے گرفتار افراد کی شناخت عمر بخش گڈانی، راشد شیخ اور اسلام دین ملک کے ناموں سے ظاہر کی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد کے خلاف تھانہ سائٹ ایریا میں مقدمہ نمبر 118/2026 بجرم دفعات 382، 457 اور 506/2 تعزیرات پاکستان کے تحت درج کرکے قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے، جس کے دوران چوری شدہ سامان کی خرید و فروخت کے حوالے سے مزید معلومات حاصل کرنے اور اس نیٹ ورک میں ملوث دیگر افراد کا سراغ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ سکھر پولیس ترجمان کے مطابق چوری شدہ مال کی خرید و فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف ضابطے کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔