عمرکوٹ پولیس کی منشیات اور غیر قانونی شراب کے خلاف کارروائیاں، 8 ملزمان گرفتار
عمرکوٹ پولیس کی منشیات اور غیر قانونی شراب کے خلاف کارروائیاں، 8 ملزمان گرفتار
کنری، نبی سر، عمرکوٹ اور سامارو میں پولیس کے چھاپے، دیسی شراب، وسکی، چرس اور گٹکا مین پوری کی بھاری مقدار برآمد
عمرکوٹ (رپورٹ بیورو چیف ڈاکٹر ایم لال واگھانی): ایس ایس پی عمرکوٹ سہائی عزیز تالپور QPM, PSP کی خصوصی ہدایات پر ضلع بھر میں منشیات، غیر قانونی شراب اور گٹکا مین پوری کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت پولیس کی کارروائیاں جاری ہیں۔ پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 8 ملزمان کو گرفتار کرکے بڑی مقدار میں ممنوعہ اشیاء برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پولیس کے مطابق کنری پولیس نے دو الگ الگ کارروائیوں میں عامر ولد محمد شفیع مارواڑی بھٹی اور اکبر عرف عقل ولد آسا بلوچ کو گرفتار کرکے 20 لیٹر دیسی شراب اور 4 گرام چرس برآمد کی۔ نبی سر پولیس نے گرداری ولد ماوجی کولہی کو گرفتار کرکے 40 لیٹر دیسی شراب برآمد کی، جبکہ عمرکوٹ سٹی پولیس نے پونجو ولد ایسر کولہی کو گرفتار کرکے 220 پوری گٹکا مین پوری برآمد کی۔
اسی طرح تعلقہ عمرکوٹ پولیس نے قربان علی ولد علی محمد پلی کو گرفتار کرکے 9 پِنٹ وسکی اور 300 روپے نقد برآمد کیے۔ ان کارروائیوں میں مجموعی طور پر پانچ ملزمان گرفتار ہوئے۔
دوسری جانب سی آئی اے پولیس عمرکوٹ نے تھانہ سامارو کی حدود میں گٹکا مین پوری کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان محمد مدثر ولد محمد عمر آرائیں، محمد فہد ولد محمد ایوب شیخ اور شاہد علی ولد شہنواز شاہ کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے 249 پیکٹ جے ایم میں موجود 26 ہزار 145 ساشے، 15 ہزار روپے نقد، تین موبائل فون اور سرخ رنگ کی خیبر کار نمبر Z-3148 برآمد ہوئی۔
پولیس نے بتایا کہ تمام گرفتار ملزمان کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت مقدمات درج کرکے مزید قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔
ایس ایس پی عمرکوٹ سہائی عزیز تالپور QPM, PSP کے مطابق منشیات، غیر قانونی شراب اور گٹکا مین پوری کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
واضح رہے کہ پولیس کے مطابق ان کارروائیوں میں مجموعی طور پر 8 ملزمان گرفتار ہوئے ہیں، جبکہ مقدمات کی مزید تفتیش جاری ہے۔