October 6, 2026

سکھر(بیورورپورٹ)ہمدرد سوسائٹی سے لیڈی ڈاکٹر کی کار چوری کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج

IMG-20261006-WA0170

سکھر(بیورورپورٹ)ہمدرد سوسائٹی سے لیڈی ڈاکٹر کی کار چوری کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آگئی، جس میں ملزمان کو مہران کار میں آتے، گلی میں کئی چکر لگاتے اور مبینہ طور پر آلہ استعمال کرکے گھر کے باہر کھڑی وِٹز کار کا دروازہ کھولنے کے بعد گاڑی لے جاتے دیکھا جاسکتا ہے۔ واردات کے بعد متاثرہ خاندان میں تشویش پھیل گئی، جبکہ اہل خانہ نے پولیس سے فوری طور پر چوری شدہ کار برآمد کرکے ملزمان کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سکھر کے علاقے ہمدرد سوسائٹی میں لیڈی ڈاکٹر کی 2007 ماڈل وِٹز کار گھر کے باہر کھڑی تھی کہ مبینہ طور پر کار چور گروہ نے واردات کی۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ملزمان مہران کار میں سوار ہوکر علاقے میں پہنچے اور واردات سے قبل گلی میں متعدد چکر لگاتے رہے، جس کے بعد مبینہ طور پر جدید آلہ استعمال کرتے ہوئے وِٹز کار کا دروازہ کھولا اور کار چوری کرکے فرار ہوگئے۔متاثرہ خاندان کے مطابق واردات کے بعد مختلف مقامات پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کی گئی، جن میں مبینہ طور پر چوری شدہ وِٹز کار کو مہران کار کے ہمراہ سندھڑی ہوٹل تک جاتے ہوئے دیکھا گیا۔ محمد عاصم آرائیں کے مطابق سندھڑی ہوٹل کے بعد کیمروں میں صرف مہران کار آگے جاتی دکھائی دی، جبکہ چوری شدہ وِٹز کار اس کے بعد کہیں نظر نہیں آئی، جس سے شبہ ہے کہ ملزمان نے راستے میں کسی مقام پر کار چھپا دی یا اسے دوسری سمت منتقل کردیا۔لیڈی ڈاکٹر کے والد، جو ایس آئی یو ٹی سے وابستہ ہیں، کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کی نقل و حرکت اور کار چوری کرنے کے طریقہ کار کے شواہد موجود ہیں، تاہم واردات کے باوجود پولیس کی جانب سے تاحال مؤثر پیش رفت نہ ہونے پر اہل خانہ کو شدید تشویش ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پولیس دستیاب سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگائے اور چوری شدہ کار فوری طور پر برآمد کرے۔متاثرہ خاندان نے پولیس کے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے تفتیش کو مؤثر بنایا جائے، ملزمان کی شناخت کرکے انہیں گرفتار کیا جائے اور چوری شدہ وِٹز کار بازیاب کرائی جائے۔دوسری جانب سکھر شہر میں بڑھتی ہوئی چوری اور دیگر وارداتوں پر شہریوں میں بھی تشویش پائی جاتی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ رہائشی علاقوں میں گاڑیوں اور دیگر قیمتی اشیا کی چوری کے واقعات باعثِ تشویش ہیں، اس لیے پولیس کو رات کے اوقات میں گشت بڑھانے، داخلی و خارجی راستوں کی نگرانی مؤثر بنانے اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کی ضرورت ہے۔