پولیس اہلکار پر گھر پر مبینہ قبضے، کرایہ ادا نہ کرنے اور دھمکیاں دینے کا الزام، عباسی برادری کا احتجاج
پولیس اہلکار پر گھر پر مبینہ قبضے، کرایہ ادا نہ کرنے اور دھمکیاں دینے کا الزام، عباسی برادری کا احتجاج
سکھر (بیورورپورٹ)نیو پنڈ، امان اللہ چوک، عباسی محلہ کے رہائشی عباسی برادری سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین نے مبینہ طور پر بااثر پولیس اہلکار کی جانب سے مکان خالی نہ کرنے، کرایہ ادا نہ کرنے، دھمکیاں دینے اور مبینہ ظلم و زیادتی کے خلاف سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور پولیس کے اعلیٰ حکام سے فوری انصاف کی اپیل کی۔احتجاج میں محمد شاہد عباسی، ان کی بیوہ بہن رئیسہ عباسی، بھائی محمد ضیاء عباسی سمیت دیگر افراد شریک تھے۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ ان کا مکان مبینہ طور پر خالی نہ کرنے والے پولیس اہلکار کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے مکان واگزار کرا کر انہیں واپس دلایا جائے۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد شاہد عباسی نے بتایا کہ تقریباً دو سال قبل ان کی بیوہ بہن رئیسہ عباسی مالی مشکلات کا شکار تھیں اور ان کے بچوں کے اخراجات پورے کرنے کا واحد ذریعہ مکان کا کرایہ تھا۔ اسی مقصد کے تحت انہوں نے بسم اللہ ہال، نزد پولیس لائن، سکھر کے قریب واقع مکان زبیر قریشی نامی شخص کو کرائے پر دیا، جو مبینہ طور پر پولیس اہلکار ہے۔محمد شاہد عباسی کے مطابق ابتدائی طور پر مذکورہ شخص نے کچھ عرصہ کرایہ ادا کیا، تاہم گزشتہ تقریباً ایک سال سے نہ تو مکان کا کرایہ ادا کیا جا رہا ہے اور نہ ہی بجلی کے واجبات ادا کیے گئے ہیں، جس کے باعث ان کے خاندان کو شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مکان ان کے اور ان کی بیوہ بہن کے نام ہے اور ان کے پاس کرایہ نامہ سمیت متعلقہ دستاویزات بھی موجود ہیں۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ مکان خالی کرنے کا مطالبہ کرنے پر مذکورہ پولیس اہلکار مبینہ طور پر دھمکیاں دیتا ہے اور مکان خالی کرنے سے انکار کرتا ہے۔ متاثرہ خاندان کے مطابق انہوں نے اس معاملے کی شکایات متعلقہ حکام کو بھی کی ہیں، جبکہ مقدمہ درج کرانے اور دیگر قانونی فورمز سے رجوع کرنے کے باوجود انہیں تاحال مکان کا قبضہ واپس نہیں مل سکا۔محمد ضیاء عباسی نے کہا کہ ان کا خاندان گزشتہ ایک سال سے اس مسئلے کے باعث شدید ذہنی اذیت میں مبتلا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے پاس کرایہ داری سے متعلق تحریری معاہدہ اور حکام کو دی گئی درخواستوں کا ریکارڈ موجود ہے، اس کے باوجود مکان خالی نہیں کرایا جا رہا۔ انہوں نے ایس ایس پی سکھر سے اپیل کی کہ معاملے کا فوری نوٹس لے کر مکان واگزار کرایا جائے اور انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔اس موقع پر بیوہ رئیسہ عباسی نے آبدیدہ ہو کر بتایا کہ مذکورہ مکان ان کے اور ان کے بھائی کے نام ہے اور مکان سے ملنے والا کرایہ ان کے بچوں کی کفالت کا اہم ذریعہ تھا۔ ان کے مطابق گزشتہ تقریباً ایک سال سے انہیں کرایہ نہیں دیا گیا، جس کے باعث وہ اپنے بچوں کے اخراجات پورے کرنے میں شدید مشکلات کا شکار ہیں۔رئیسہ عباسی نے الزام عائد کیا کہ مکان خالی کرانے کے لیے وہ مختلف متعلقہ اداروں اور حکام سے رجوع کر چکی ہیں، تاہم انہیں تاحال انصاف نہیں ملا۔ انہوں نے کہا کہ مبینہ طور پر انہیں دھمکیاں بھی دی جا رہی ہیں، جس کے باعث وہ اور ان کے بچے خوف و پریشانی میں مبتلا ہیں۔مظاہرین نے ایس ایس پی سکھر اور دیگر اعلیٰ پولیس حکام سے مطالبہ کیا کہ معاملے کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں، مبینہ طور پر مکان پر قبضہ کرنے والے پولیس اہلکار کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے، مکان خالی کرا کے اصل مالکان کے حوالے کیا جائے اور متاثرہ بیوہ خاتون کو گزشتہ ایک سال کے واجبات بھی دلوائے جائیں۔مظاہرین نے خبردار کیا کہ اگر انہیں فوری انصاف فراہم نہ کیا گیا تو وہ اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کا دائرہ وسیع کرنے پر مجبور ہوں گے۔