سرگودھا (راجہ نورالہی عاطف سے) عالمی اولڈر پرسنز ڈے کے موقع پر ہینڈل فاؤنڈیشن رجسٹرڈ سرگودھا کے
سرگودھا (راجہ نورالہی عاطف سے) عالمی اولڈر پرسنز ڈے کے موقع پر ہینڈل فاؤنڈیشن رجسٹرڈ سرگودھا کے زیرِ اہتمام بزرگ شہریوں کے حقوق، عزت اور فلاح و بہبود کے حوالے سے پروقار سیمینار منعقد ہوا۔ تقریب کی صدارت ممتاز احمد دیو، صوبائی محتسب اعلیٰ پنجاب نے کی، جبکہ عمران عباس چدھڑ، ایس پی انویسٹی گیشن سرگودھا مہمانِ خصوصی تھے۔ ڈاکٹر ارشد شاہد، شازیہ بنگش، صغرا عالم اور ڈاکٹر رضیہ سلطانہ مہمانانِ اعزاز تھیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممتاز احمد دیو نے کہا کہ بزرگ شہری ہمارے معاشرے کا قیمتی سرمایہ اور تجربے کا خزانہ ہیں، ان کے حقوق، عزت اور تحفظ کا خیال رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
عمران عباس چدھڑ نے کہا کہ بزرگ ہماری خاندانی اور معاشرتی اقدار کے امین ہیں، نئی نسل کو ان کے احترام اور خدمت کا درس دینا ضروری ہے۔
دیگر مقررین ڈاکٹر ارشد شاہد،شازیہ نورین ،صغرا عالم،ڈاکٹر رضیہ سلطانہ اور ساحل راج نے بزرگ شہریوں کے لیے صحت، سماجی تحفظ، تفریح اور باوقار زندگی کے مواقع فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
ملک آفتاب احمد اعوان، چیئرمین ہینڈل فاؤنڈیشن نے کہا کہ فاؤنڈیشن بزرگ شہریوں کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی، جبکہ سئنیرز کلب کا مقصد بزرگوں کو ایک باوقار، صحت مند اور فعال سماجی ماحول فراہم کرنا ہے۔
تقریب کا آغاز حافظ حمزہ کی تلاوت اور آسیہ مقبول کی نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے ہوا۔ نامور علمی شخصیت عرفان اکبر چوہدری نے کمپیئرنگ کے فرائض بطریق احسن انجام دیے۔