بہاولنگر ( ) بہاولنگر کے نامور ماہرِ تعلیم اور صحافی طاہر کریم خان کے سب سے چھوٹے بیٹے، طیب کریم، کو پاکستان کے پہلے ’لُونر روور‘ (چاند پر بھیجے جانے والے گاڑی نما روبوٹ) کا نام تجویز کرنے والے شرکاء میں اول قرار دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق، پاکستان اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے ملک کے پہلے لُنر روور کا سرکاری نام ”جناح-1“ (Jinnah-1) رکھنے کا اعلان کیا۔ سپارکو کا کہنا ہے کہ یہ روور 2029 میں چین کے ’چانگ ای-8‘ (Chang’e-8) مشن کے حصے کے طور پر چاند پر بھیجا جائے گا، جہاں یہ چاند کے جنوبی قطب پر سائنسی تحقیق کرے گا۔ چاند کا جنوبی قطب اپنے دشوار گزار خطے اور اہم سائنسی دریافتوں کے امکانات کے حوالے سے جانا جاتا ہے۔ اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب میں سپارکو نے بتایا کہ یہ نام ملک گیر مقابلے میں موصول ہونے والی 4,000 تجاویز میں سے منتخب کیا گیا۔ سپارکو کے بیان کے مطابق، سات شرکاء نے ”جناح-1“ کا نام تجویز کیا تھا اور فاتح کا انتخاب قرعہ اندازی کے ذریعے کیا گیا۔بہاولنگر سے تعلق رکھنے والے 17 سالہ طیب کریم کو یہ نام تجویز کرنے پر فاتح قرار دیا گیا۔ سپارکو کے چیئرمین نے کہا کہ یہ نام قائدِ اعظم محمد علی جناح کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے اور ”پاکستان کے عزم، ترقی اور خلائی تحقیق کے نئے افق“ کی عکاسی کرتا ہے۔
10









