google.com, pub-9673306505872210, DIRECT, f08c47fec0942fa0
25

سرگودھا (راجہ نورالہی عاطف سے)ریڈیو پاکستان سرگودھا کے معروف عوامی و معلوماتی پروگرام

google.com, pub-9673306505872210, DIRECT, f08c47fec0942fa0

سرگودھا (راجہ نورالہی عاطف سے)ریڈیو پاکستان سرگودھا کے معروف عوامی و معلوماتی پروگرام ’’شاہین سرگودھا‘‘ میں صحت کے مختلف اہم پہلوؤں، متوازن غذا، بچوں کی عمومی صحت، خواتین کی صحت، صحت مند طرزِ زندگی اور ذہنی دباؤ سے بچاؤ کے حوالے سے خصوصی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام میں اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر خلیل احمد، میڈیکل اسپیشلسٹ اور اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر ماریہ انور ملک، ماہرِ امراضِ نسواں و زچگی اور بانجھ پن نے خصوصی شرکت کی۔
میزبان سبطین بلوچ نے دونوں ماہرین سے گفتگو کرتے ہوئے روزمرہ زندگی میں صحت کے مسائل، متوازن غذا، بچوں کی عمومی بیماریوں اور صحت مند زندگی کے اصولوں کے حوالے سے مختلف سوالات کیے۔اس موقع پر اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر خلیل احمد نے متوازن غذا اور صحت مند طرزِ زندگی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صحت مند رہنے کے لیے متوازن خوراک، مناسب جسمانی سرگرمی، ورزش اور صحت مند معمولاتِ زندگی کو اپنانا ضروری ہے۔ انہوں نے بچوں کی عمومی بیماریوں اور ان کی صحت کے حوالے سے والدین کی ذمہ داریوں پر بھی روشنی ڈالی۔
سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں صحت کے حوالے سے احتیاطی تدابیر بیان کرتے ہوئے ڈاکٹر خلیل احمد نے کہا کہ متاثرہ علاقوں کے مکین صاف اور محفوظ پانی استعمال کریں، پینے کے پانی کو مناسب طور پر ابال کر استعمال کریں اور صابن سے ہاتھ باقاعدگی سے دھوئیں تاکہ مختلف بیماریوں اور انفیکشنز سے بچاؤ میں مدد مل سکے۔
دوسری مہمان اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر ماریہ انور ملک نے خواتین کی صحت، صحت مند ماں، مناسب وزن اور غذائی ضروریات کے حوالے سے گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو اپنی صحت کا خصوصی خیال رکھنا چاہیے، متوازن غذا استعمال کرنی چاہیے اور جسم میں ضروری غذائی اجزا کی کمی سے بچنے کے لیے مناسب طبی رہنمائی حاصل کرنی چاہیے۔
ڈاکٹر ماریہ انور ملک نے آئرن اور وٹامن ڈی کی کمی سمیت خواتین کی صحت سے متعلق مختلف مسائل پر بھی گفتگو کی۔ کم عمری میں شادی اور حمل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے جسمانی و ذہنی پختگی اور مجموعی صحت کو مدنظر رکھنے کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ 21 سے 25 سال کی عمر کو عمومی طور پر ایک مناسب عمر سمجھا جاتا ہے، تاہم ہر فرد کی صحت اور طبی صورتحال مختلف ہو سکتی ہے، اس لیے ماہرِ صحت سے مشورہ ضروری ہے۔
پروگرام میں ذہنی دباؤ بھی خصوصی موضوع رہا۔ ڈاکٹر خلیل احمد نے کہا کہ آج کے دور میں زندگی کی مصروفیات اور مختلف مسائل کے باعث بہت سے لوگ ذہنی دباؤ کا شکار ہیں، تاہم اس سے نمٹنے کے لیے ضروری ہے کہ انسان اپنے کام کو مثبت انداز میں کرے، اسے بوجھ سمجھنے کے بجائے دلچسپی اور توجہ سے انجام دے اور غیر ضروری پریشانیوں کو اپنے ذہن پر سوار نہ کرے۔
انہوں نے صحت مند زندگی کے لیے روزانہ واک، ورزش اور جسمانی سرگرمی کو معمول بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ موبائل فون اور ٹی وی کے غیر ضروری استعمال میں کمی لائی جائے اور نوجوانوں کو کھیلوں اور مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کیا جائے۔ کھیل کے میدان آباد ہوں گے تو نوجوانوں کی جسمانی اور ذہنی صحت میں بھی بہتری آئے گی۔پروگرام کے دوران ریڈیو پاکستان سرگودھا کے سامعین نے ٹیلی فون کے ذریعے بھی شرکت کی اور مہمان ڈاکٹروں سے صحت سے متعلق مختلف سوالات کیے، جن کے جوابات ماہرین نے دیے۔اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر خلیل احمد اور اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر ماریہ انور ملک نے عوامی صحت کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنے پر ریڈیو پاکستان سرگودھا کی اس کاوش کو سراہا اور کہا کہ عوام تک صحت کے بنیادی اصول، احتیاطی تدابیر اور صحت مند طرزِ زندگی سے متعلق معلومات پہنچانے کے لیے ایسے معلوماتی پروگرامز کا انعقاد جاری رہنا چاہیے۔
اس پروگرام کے پروڈیوسر محمد جمشید قادری اور ایگزیکٹو پروڈیوسر فریحہ کنول تھیں، جبکہ پروگرام کی میزبانی سبطین بلوچ، سینئر اینکر پرسن ریڈیو پاکستان سرگودھا نے کی۔

google.com, pub-9673306505872210, DIRECT, f08c47fec0942fa0

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں