خواتین کی بااختیاری اور معاشی خودمختاری کے لیے ایچ سی آر فاؤنڈیشن کا مؤثر اقدام
خصوصی تحریر: راجہ نورالہی عاطف
ایچ سی آر فاؤنڈیشن پاکستان کے منصوبے “ایمپلی فائنگ وائسز پاکستان” کے تحت ریڈیو پاکستان سرگودھا ایف ایم 101 کے تعاون سے خواتین میں شعور و آگاہی، ہنرمندی، بااختیاری اور معاشی خودمختاری کے فروغ کے حوالے سے خصوصی عوامی آگاہی پروگرام براہِ راست نشر کیا گیا۔ پروگرام کا مقصد خواتین کو دستیاب مواقع، فنی تربیت اور روزگار کے ذریعے خود کفیل بنانے کے لیے جاری اقدامات سے عوام کو آگاہ کرنا تھا۔
پروگرام کی مہمانِ خصوصی کمیونٹی موبلائزر رمشہ رفیق تھیں، جبکہ ایچ سی آر فاؤنڈیشن پاکستان کے منصوبوں سے مستفید ہونے والی خواتین امبرین اور اقراء نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے اپنے تجربات بیان کرتے ہوئے کہا کہ فاؤنڈیشن کی معاونت سے انہیں مختلف ہنر سیکھنے، روزگار کے مواقع حاصل کرنے اور اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے میں مدد ملی، جس سے ان کے اعتماد اور معاشی خودمختاری میں نمایاں اضافہ ہوا۔
رمشہ رفیق نے بتایا کہ ایچ سی آر فاؤنڈیشن پاکستان کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے لیے مختلف شعبوں میں کام کر رہی ہے۔ خواتین کو فنی تربیت فراہم کرنا، انہیں بااختیار بنانا، روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور بنیادی صحت کی سہولیات کی فراہمی سمیت متعدد اقدامات اس کے پروگراموں کا حصہ ہیں۔ انہوں نے فاؤنڈیشن کے اہم منصوبے “روشن گھر” کے حوالے سے بھی تفصیلی گفتگو کی اور کہا کہ اس منصوبے کا بنیادی مقصد خواتین کی صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہوئے انہیں باعزت روزگار اور معاشی خودمختاری کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
پروگرام کے دوران ریڈیو پاکستان سرگودھا ایف ایم 101 کے سامعین نے براہِ راست ٹیلی فون کالز کے ذریعے شرکت کی اور خواتین کی فلاح، ہنرمندی اور خودمختاری کے لیے جاری اس مثبت اقدام کو سراہا۔ شرکاء نے اس امر پر زور دیا کہ خواتین کو تعلیم، ہنر اور روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرکے نہ صرف ان کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لائی جا سکتی ہے بلکہ خاندان اور معاشرے کی مجموعی ترقی کو بھی یقینی بنایا جا سکتا ہے۔
پروگرام کی میزبانی نازیہ قمر نے کی، جبکہ اسٹوڈیو انجینئر رانا قیصر وقاص اور کوآرڈینیٹر نعمان شفیق نے تکنیکی و انتظامی امور میں معاونت فراہم کی۔ خصوصی آگاہی پروگرام ریڈیو پاکستان سرگودھا ایف ایم 101 سے براہِ راست نشر کیا گیا، جس نے خواتین کی فلاح و بہبود اور معاشی خودمختاری کے اہم پیغام کو وسیع حلقے تک پہنچانے میں مؤثر کردار ادا کیا۔