کالج آف فزیکل میڈیسن اینڈ ری ہیب کے زیراہتمام سوشل سائنسز ایپلیکیشنز پر ورکشاپ کا انعقاد۔
کالج آف فزیکل میڈیسن اینڈ ری ہیب کے زیراہتمام سوشل سائنسز ایپلیکیشنز پر ورکشاپ کا انعقاد۔
طلباء اپنی تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا بھرپور استعمال کریں۔ڈاکٹر سید محمد الیاس
پشاور(نمائندہ فاطمہ جعفر)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ پیراپلیجک سنٹر کے چیف ایگزیکٹیو ڈاکٹر سید محمد الیاس نے پیشہ ورانہ کالجوں اور جامعات کے طلباء پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں میں انفارمیشن ٹیکنالوجی بالخصوص سافٹ ویئر ایپلیکیشنز میں بھرپور مہارت حاصل کریں جو انکی تخلیقی صلاحیتوں میں اضافے کا باعث بنے گی۔ وہ پیراپلیجک سنٹر کے اناٹمی لیب میں کالج آف فزیکل میڈیسن اینڈ ری ہیب کے زیراہتمام سوشل سائنسز ایپلیکیشنز کے استعمال پر ایک روزہ ورکشاپ کی اختتامی نشست سے خطاب کر رہے تھے جس میں کالج کے طلبہ و طالبات نے بھرپور شرکت کی جبکہ کالج کے ریسرچ کوآرڈینیٹر ڈاکٹر افتخارِ علی نے طبی تعلیم و تحقیق کے دو سافٹ ویئرز ایس پی ایس ایس اور انڈ نوٹ پر سیر حاصل لیکچر دیا اور طلباء سے پریکٹیکل بھی کروائے۔ ڈاکٹر الیاس سید کا کہنا تھا کہ فزیوتھراپی سمیت میڈیکل سائنس کے تمام شعبوں میں آئی ٹی کے شعبہ سے استفادہ وقت کا تقاضا ہے جبکہ طلبا، ماہرین تعلیم اور محققین ان ایپلیکیشنز پر مکمل دسترس حاصل کرکے نہ صرف طبی تحقیق میں نئے انقلابات بپا کر سکتے ہیں بلکہ مزید یوزر فرینڈلی ایپلیکیشنز متعارف کرکے ان تمام میدانوں میں مسابقت اور تحقیق و تجسس کی نئی راہیں کھول سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے طلباء امراض کے تجزیہ و تشخیص اور حوالہ و تحقیق میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے جہاں انفرادی واجتماعی طور پر قومی صحت بہتر بنانے میں اپنا کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں وہاں میڈیکل ایپلیکیشنز کی دنیا میں بھی نئی جہات متعارف کرکے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کر سکتے ہیں۔ ڈاکٹر محمد الیاس نے اس ضرورت کی جانب بھی اشارہ کیا کہ ہم تمام شعبوں میں اپنی تیار کردہ ٹیکنالوجی کو فروغ دیں تاکہ امت مسلمہ کی پسماندگی کو خوشحالی میں بدلا جا سکے کیونکہ مغربی ٹیکنالوجی کا بیدریغ استعمال فوائد کے ساتھ ساتھ ہمارے اجتماعی زوال کا باعث بھی بنتا جا رہا ہے۔