نوابشاہ(رپورٹ۔انور عادل خانزادہ)
محکمہ اسپورٹس شہید بینظیرآباد کی جانب سے یوم آزادی پاکستان کے سلسلے میں 9 سے 14 اگست تک مختلف کھیلوں کے مقابلے ہونگے۔ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر عبدالرحیم راجپوت
ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر شہید بینظیرآباد عبدالرحیم راجپوت نے بتایا کہ صوبائی وزیر کھیل محمد بخش مہر کی خصوصی ہدایت پر یوم آزادی پاکستان کے سلسلے میں محکمہ کھیل و امور نوجوانان حکومت سندھ کی جانب سے اور ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفس شہید بینظیر آباد کے زیرِ اہتمام 79 ویں یوم آزادی کو شایان شان طریقے سے منانے کیلئے نواب شاہ میں مختلف کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 9 اگست کو ڈی ایف اے وائٹ اور ڈی ایف اے گرین کے مابین گورنمنٹ ڈگری کالج گراؤنڈ میں شام 5 بجے فٹبال شو میچ ہو گا۔ جبکہ 10 اگست کو انٹر اسکولز/ کالجز ٹگ آف وار گرلز چیمپئن شپ، صبح دس بجے گورنمنٹ کورٹ روڈ گرلز ہائی اسکول میں ہو گی۔ اسی روز بلاول اسپورٹس کمپلیکس نواب شاہ میں شام 5 بجے انٹر اسکولز/ کالجز ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ (گرلز/ بوائز) منعقد ہو گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ 11 اگست بروز منگل کو صبح دس بجے بلاول اسپورٹس کمپلیکس میں انٹر اسکولز/ کالجز شطرنج چیمپئن شپ ( گرلز/ بوائز) کا انعقاد ہو گا۔ 12 اگست کو بلاول اسپورٹس کمپلیکس میں صبح دس بجے بیڈمنٹن چیمپئن (بوائز) ہو گی۔ 13 اگست کو بلاول اسپورٹس کمپلیکس ہی میں انٹر اسکولز/ کالجز گرلز رنگ بال چیمپئن شپ ہو گی۔ اسی روز سٹھ میل تعلقہ دوڑ میں روایتی کھیل کوڈی کوڈی کے مقابلے شام 5 بجے ہوں گے ۔ جبکہ یوم آزادی کے دن 14 اگست کو صبح دس بجے ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفس شہید بینظیر آباد میں پرچم کشائی اور کیک کٹنگ کی تقریب منعقد ہو گی۔ یوم آزادی 14 اگست کے روز شام 5 بجے شوٹنگ بال کا نمائشی میچ ڈی سی آفس گراؤنڈ میں ہو گا۔ اسی طرح شام 6 بجے جیمخانہ ہال میں تائی کوانڈو چیمپئن شپ (گرلز/ بوائز) ہو گی۔جبکہ 8 بجے شب فلڈ لائٹس میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو ہاکی اسٹیڈیم میں سہ روزہ ہاکی میچز کی سیریز کا فائنل میچ کھیلا جائے گا۔