ملک عبدالغفور آصف بوڑانہ ،سماج ،سپورٹس اور ادب کے سنگم پر ایک روشن ستارہ
خصوصی تحریر: راجہ نورالہیٰ عاطف
علاقہ تھل، جو اپنی ثقافتی روایتوں، ادبی ورثے اور محنت کش عوام کے باعث پہچانا جاتا ہے، ہمیشہ سے ایسے باصلاحیت اور خدمت گزار شخصیات کا مرکز رہا ہے جنہوں نے اپنے خلوص، جذبے اور عملی اقدامات سے معاشرے میں مثبت تبدیلی کی بنیاد رکھی۔ انہی گنے چنے افراد میں ایک نام ملک عبدالغفور آصف بوڑانہ کا ہے، جو نہ صرف سماجی میدان میں نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں بلکہ کھیلوں اور ادبی سرگرمیوں کے فروغ میں بھی ان کا کردار مثالی اور قابلِ تحسین ہے۔ ملک عبدالغفور آصف بوڑانہ کا تعلق تحصیل نورپورتھل کے گاوں آدھی سرگل سے ہے۔ آپ یہاں کی معزز وزمیندار بوڑانہ فیملی کے قابل فخر چشم و چراغ ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے آپ کے خاندان کو علاقہ بھر میں شرافت اور بے لوث عوامی خدمت کی وجہ سے ممتاز مقام عطا کیا ہے۔ ملک عبدالغفور آصف بوڑانہ کے بڑے بھائ اور دکھی انسانیت کے مسیحا ڈاکٹر ملک توقیراحمد قیصر بوڑانہ کے والد محترم ملک حاجی نور بوڑانہ مرحوم کی بھی سماج کی فلاح و بہبود کےلیے گرانقدر خدمات ہیں ۔ تھل کے باسیوں کو مقامی سطح پر علاج معالجے کی سہولت فراہم کرنا ان کا مشن تھا اور اسی عظیم کے تحت ملک حاجی نوربوڑانہ نے اپنے صاحبزادے ملک توقیر احمد قیصر بوڑانہ کو میڈیکل کی تعلیم دلوائ اور اب وہ اپنے والد محترم کے دکھی انسانیت کی بےلوث خدمت کےلیے مثالی کردار ادا کررہے ہیں ۔ اس وقت توقیر میڈیکل کملپلیکس نورپورتھل اور النور ہسپتال جوہرآباد سے روزانہ کی بنیاد پر مریضوں کی ایک بہت بڑی تعداد علاج کروارہی ہے۔
بے لوث عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ملک عبدالغفور آصف بوڑانہ نے ہمیشہ نوجوان نسل کو صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کے لیے عملی کوششیں کیں۔ وہ سمجھتے ہیں کہ معاشرے کی حقیقی ترقی کےلیے تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیل اور ادب جیسے میدان بھی نوجوانوں کی شخصیت سازی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اسی سوچ کے تحت وہ اپنے علاقے میں مختلف کھیلوں کے مقابلوں، ٹورنامنٹس اور سپورٹس فیسٹیولز کی نہ صرف بھرپورطریقے سے سرپرستی کرتے ہیں بلکہ ان کے اہتمام وانعقاد میں بھی مثالی کردار ادا کررہے ہیں ، ان ایونٹس میں علاقہ تھل کے خصوصا” نوجوان طبقہ کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے بھرپور مواقع میسر آتے ہیں۔ تھل کے سرمایہء افتخار ملک عبدالغفور آصف بوڑانہ کی سرپرستی میں منعقد ہونے والے کھیلوں کے ایونٹس نہ صرف علاقائی سطح پر مقبول ہوئے ہیں بلکہ ان کے ذریعے نوجوانوں میں نظم و ضبط، ٹیم ورک اور محنت کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا گیاہے۔ یہی وہ خصوصیات ہیں جو ایک کامیاب اور باشعور شہری کی بنیاد رکھتی ہیں۔
دوسری جانب، ملک عبدالغفور آصف بوڑانہ نے ادب و ثقافت کے فروغ کو بھی اپنی سماجی خدمات کا لازمی جزو بنایا۔ ان کے زیرِ اہتمام ادبی محفلوں، مشاعروں اور تقریری مقابلوں نے علاقے کے نوجوان لکھاریوں اور شعراءکرام کو اظہارِ خیال کا پلیٹ فارم فراہم کیا۔ وہ ہمیشہ کہتے ہیں کہ “ادب قوم کی روح ہوتا ہے، اور جس معاشرے میں قلم کی حرمت باقی رہے، وہاں روشنی کبھی ختم نہیں ہوتی۔”
ان کی کوششوں سے نہ صرف تھل میں ادب دوست فضا پیدا ہوئی بلکہ نئی نسل میں مطالعہ اور تخلیقی سوچ کا رجحان بھی بڑھا۔ ملک عبدالغفور آصف بوڑانہ اس بات کے قائل ہیں کہ اگر ہم نوجوانوں کے دل و دماغ کو کھیل اور ادب کے مثبت جذبے سے منور کر دیں تو انتہا پسندی، بے راہ روی اور مایوسی جیسے مسائل خود بخود ختم ہو سکتے ہیں۔
آج جب دنیا جدیدیت کی دوڑ میں مادیت پرستی کا شکار ہو چکی ہے، ایسے میں ملک عبدالغفور آصف بوڑانہ جیسے سماجی رہنما معاشرے کے لیے روشنی کے مینار کی حیثیت رکھتے ہیں۔ وہ نہ شہرت کے خواہاں ہیں، نہ تعریف کے محتاج — ان کا مقصد صرف خدمت، ترقی اور مثبت سوچ کا فروغ ہے۔
یقیناً، اگر ہمارے معاشرے میں مزید لوگ ملک عبدالغفور آصف بوڑانہ کے نقشِ قدم پر چلیں تو ایک مہذب، تعلیم یافتہ، صحت مند اور تخلیقی قوم کی تشکیل کا خواب جلد حقیقت کا روپ دھار سکتا ہے۔









