November 18, 2026

جوڑاکلاں (راجہ نورالہی عاطف سے) مون سون سیزن کے دوران دریائے جہلم میں ممکنہ سیلابی صورتحال

IMG-20260725-WA0108

جوڑاکلاں (راجہ نورالہی عاطف سے) مون سون سیزن کے دوران دریائے جہلم میں ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر خوشاب ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر نے تحصیل نورپور تھل کے علاقے جوڑا کلاں اور خوشاب۔گروٹ روڈ پر واقع لنگر والا پل، دریائے جہلم کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے دریائے جہلم میں پانی کے بہاؤ، حفاظتی انتظامات اور متعلقہ محکموں کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے موقع پر ایکسیئن ایریگیشن، ایم پی اے پی پی-83 نورپور کے کوآرڈینیٹر پیر سید مصیب رضا شاہ، سردار ساجد خان بلوچ، سُتھرا پنجاب پروگرام کے نمائندگان، پنجاب پولیس کے افسران و اہلکار، متعلقہ محکموں کے افسران، علاقہ کی سیاسی و سماجی شخصیات، میڈیا نمائندگان اور مقامی شہریوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ ایکسیئن ایریگیشن نے ڈپٹی کمشنر کو دریائے جہلم کی موجودہ صورتحال، پانی کے بہاؤ، حفاظتی بندوبست، دستیاب وسائل اور ممکنہ ہنگامی اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ مون سون سیزن کے دوران ہائی الرٹ رہتے ہوئے دریائے جہلم اور دیگر آبی گزرگاہوں کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومتِ پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ دریاؤں، نہروں اور ندی نالوں میں نہانے سے گریز کریں، غیر ضروری طور پر دریا کے قریب جانے سے احتیاط کریں اور کسی بھی غیر معمولی صورتحال کی صورت میں فوری طور پر ضلعی انتظامیہ یا متعلقہ اداروں سے رابطہ کریں اور انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔ دورے کے دوران جوڑا کلاں کی سیاسی و سماجی شخصیات اور مقامی شہریوں نے دریائے جہلم کے کنارے سڑک کے کٹاؤ اور دیگر مسائل سے بھی ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے موقع پر متاثرہ مقام کا معائنہ کیا، متعلقہ حکام کو ضروری اقدامات کی ہدایت جاری کی اور مقامی آبادی کو درپیش مسائل کے جلد اور مؤثر حل کی یقین دہانی کرائی۔