چوہدری ارشد ایڈووکیٹ — قیادت، وفاداری اور خدمت کا روشن استعارہ
چوہدری ارشد ایڈووکیٹ — قیادت، وفاداری اور خدمت کا روشن استعارہ
خصوصی تحریر: راجہ نورالٰہی عاطف
کسی بھی سیاسی جماعت کی اصل طاقت اس کے نظریاتی اور مخلص کارکن ہوتے ہیں، جبکہ ایسے کارکنوں کی رہنمائی کرنے والی شخصیات تنظیم کے لیے سرمایۂ افتخار سمجھی جاتی ہیں۔ ضلع خوشاب میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی تنظیمی سیاست کا ذکر ہو اور ایڈووکیٹ چوہدری ارشد کا نام سامنے نہ آئے، یہ ممکن نہیں۔ وہ اپنی شائستگی، ملنساری، بردباری، خوش اخلاقی اور معاملہ فہمی کے باعث سیاسی، سماجی اور قانونی حلقوں میں یکساں احترام کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں۔
اللہ تعالیٰ نے چوہدری ارشد ایڈووکیٹ کو بے شمار قائدانہ صلاحیتوں سے نوازا ہے۔ انہوں نے ہمیشہ اپنی صلاحیتوں کو ذاتی مفادات کے بجائے اجتماعی بھلائی اور تنظیمی استحکام کے لیے بروئے کار لایا۔ یہی وجہ ہے کہ وہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کے دلوں میں ایک خاص مقام رکھتے ہیں اور جماعت کی ضلعی، ڈویژنل اور مرکزی قیادت کا اعتماد بھی حاصل کیے ہوئے ہیں۔
بطور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ ضلع خوشاب، چوہدری ارشد نے اپنے دور میں ضلع کی چاروں تحصیلوں، خوشاب، قائدآباد، نوشہرہ اور نورپور تھل میں تنظیم کو فعال بنانے کے لیے دن رات محنت کی۔ انہوں نے نوجوان کارکنوں کو صرف متحرک ہی نہیں کیا بلکہ انہیں عزت، اعتماد اور آگے بڑھنے کے مواقع بھی فراہم کیے۔ ان کی قیادت میں یوتھ ونگ نے تنظیمی سطح پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور کارکنوں کے درمیان باہمی احترام اور یکجہتی کی فضا مضبوط ہوئی۔
ایک کامیاب قائد کی پہچان یہ ہوتی ہے کہ وہ اپنے ساتھیوں کے دکھ سکھ میں شریک ہو۔ چوہدری ارشد ایڈووکیٹ نے ہمیشہ اس روایت کو برقرار رکھا۔ وہ کارکنوں کی خوشیوں میں بھی شریک ہوتے ہیں اور مشکلات کے وقت بھی ان کے شانہ بشانہ کھڑے نظر آتے ہیں۔ یہی اوصاف انہیں محض ایک سیاسی رہنما نہیں بلکہ ایک بااعتماد ساتھی اور مخلص دوست بناتے ہیں۔
آج بطور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) لائرز فورم ضلع خوشاب، ان پر ایک نئی ذمہ داری عائد ہوئی ہے۔ وہ وکلاء برادری کے اجتماعی مسائل، پیشہ ورانہ وقار اور فلاح و بہبود کے لیے سرگرم عمل ہیں۔ ان کی کوشش ہے کہ وکلاء کے جائز مسائل کو مؤثر انداز میں متعلقہ فورمز پر اٹھایا جائے اور انہیں ایک مضبوط اور متحد پلیٹ فارم میسر آئے۔ اسی اخلاص اور خدمت کے جذبے کی بدولت وہ وکلاء برادری میں بھی عزت، احترام اور مقبولیت رکھتے ہیں۔
دوست نوازی بھی چوہدری ارشد ایڈووکیٹ کی شخصیت کا نمایاں وصف ہے۔ وہ اپنے دوستوں، ساتھیوں اور بزرگوں کے ساتھ خندہ پیشانی، احترام اور محبت سے پیش آتے ہیں۔ ان کی مجلس میں ہر شخص خود کو باعزت محسوس کرتا ہے۔ یہی خوبیاں انہیں ایک متوازن، باوقار اور باکردار شخصیت کے طور پر نمایاں کرتی ہیں۔
موجودہ دور میں جب سیاست میں برداشت، اخلاق اور خدمت کا جذبہ کم ہوتا جا رہا ہے، ایسے میں چوہدری ارشد ایڈووکیٹ جیسے رہنما امید کی ایک روشن کرن دکھائی دیتے ہیں۔ ان کی سیاسی بصیرت، تنظیمی صلاحیت، کارکن دوستی اور عوامی خدمت کا جذبہ نوجوان نسل کے لیے بھی قابلِ تقلید مثال ہے۔
دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ چوہدری ارشد ایڈووکیٹ کو صحت، سلامتی، عزت اور مزید کامیابیاں عطا فرمائے، انہیں اپنی حفاظت میں رکھے اور انہیں اسی اخلاص، دیانت اور جذبۂ خدمت کے ساتھ عوام، وکلاء برادری اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی خدمت جاری رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔