November 18, 2026

ممبر صوبائی اسمبلی سندھ ایڈووکیٹ محمد راشد خان مولانا فضل الرحمٰن کی جانب سے افواجِ پاکستان اور

IMG-20260714-WA0203

ممبر صوبائی اسمبلی سندھ ایڈووکیٹ محمد راشد خان

مولانا فضل الرحمٰن کی جانب سے افواجِ پاکستان اور شہداء کے حوالے سے دیے گئے غیر ذمہ دارانہ بیان پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے رکن سندھ اسمبلی ایڈووکیٹ محمد راشد خان نے کہا ہے کہ افواجِ پاکستان ملکی دفاع، سلامتی اور استحکام کی ضامن ہیں جبکہ ہمارے شہداء قوم کے حقیقی ہیرو ہیں جن کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء پوری قوم کا سرمایہ ہیں اور ان کی قربانیوں کو سیاسی مقاصد کے لیے متنازع بنانا انتہائی افسوسناک عمل ہے۔ پاکستانی عوام اپنے شہداء اور غازیوں کی قربانیوں پر فخر کرتے ہیں اور ان کے احترام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔

ایڈووکیٹ محمد راشد خان نے کہا کہ قومی اداروں کے خلاف نفرت، اشتعال انگیزی اور بے بنیاد الزامات معاشرے میں تقسیم پیدا کرنے کا سبب بنتے ہیں۔ سیاسی اختلافات اپنی جگہ مگر ریاستی اداروں اور قومی سلامتی کے معاملات کو سیاست کی نذر کرنا دانشمندی نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی بقا، ترقی اور سلامتی کے لیے افواجِ پاکستان کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔ ملک کے دفاع کے لیے دی جانے والی قربانیوں کا احترام ہر پاکستانی کی ذمہ داری ہے اور ایسے بیانات جو قومی یکجہتی کو نقصان پہنچائیں ان کی حوصلہ شکنی ہونی چاہیے۔

ایم پی اے محمد راشد خان نے کہا کہ ہم افواجِ پاکستان، شہداء اور غازیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ قومی مفادات، ملکی سلامتی اور ریاستی استحکام کے خلاف کسی بھی بیانیے کی حمایت نہیں کی جا سکتی۔

ایڈووکیٹ محمد راشد خان
رکن سندھ اسمبلی (PS-64) حیدرآباد