October 3, 2026

ملک فرحت عباس بگھور — خدمت، دیانت اور بہترین انتظامی صلاحیتوں کی روشن مثال خصوصی تحریر: راجہ نورالٰہی عاطف

IMG-20260713-WA0188

ملک فرحت عباس بگھور — خدمت، دیانت اور بہترین انتظامی صلاحیتوں کی روشن مثال

خصوصی تحریر: راجہ نورالٰہی عاطف

سرکاری اداروں کی کامیابی کا انحصار صرف قوانین اور وسائل پر نہیں بلکہ ایسے باصلاحیت، دیانت دار اور عوام دوست افسران پر بھی ہوتا ہے جو اپنے فرائض کو ذمہ داری، خلوص اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ انجام دیں۔ خوش آئند امر یہ ہے کہ ملک فرحت عباس بگھور کو بطور انچارج نادرا آفس نورپورتھل تعینات کر دیا گیا ہے اور انہوں نے اپنے عہدے کا باقاعدہ چارج سنبھال کر خدمات کا آغاز بھی کر دیا ہے۔
ان کی تعیناتی پر نورپورتھل اور گردونواح کے عوامی، سماجی، کاروباری، تجارتی، تعلیمی، ادبی اور صحافتی حلقوں نے دلی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک مثبت اور خوش آئند فیصلہ قرار دیا ہے۔ مختلف طبقات نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ ان کی قیادت میں نادرا آفس نورپورتھل میں شہریوں کو مزید بہتر، تیز رفتار اور شفاف خدمات میسر آئیں گی۔
ملک فرحت عباس بگھور اعلیٰ تعلیم یافتہ اور وسیع انتظامی تجربے کے حامل افسر ہیں۔ وہ اس سے قبل بھی سرگودھا ڈویژن کے مختلف نادرا مراکز میں نہایت خوش اسلوبی، دیانت داری اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں۔ ان کی کامیاب کارکردگی اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ مسائل کو دانشمندی سے حل کرنے اور عوام کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔
ان کی شخصیت شائستگی، بردباری، خوش اخلاقی، ملنساری، وقار اور معاملہ فہمی کا حسین امتزاج ہے۔ یہی اوصاف انہیں عوام اور ساتھیوں میں یکساں طور پر مقبول بناتے ہیں۔ ایک کامیاب منتظم کی حیثیت سے وہ نہ صرف دفتری نظم و ضبط کو اہمیت دیتے ہیں بلکہ سائلین کے ساتھ خوش اخلاقی اور عزت و احترام سے پیش آنے کو بھی اپنی اولین ترجیح سمجھتے ہیں۔
ملک فرحت عباس بگھور آدھی کوٹ کی معروف، معزز اور باوقار زمیندار بگھور فیملی کے چشم و چراغ ہیں۔ وہ معروف سماجی شخصیت مرحوم نمبردار ملک شیر بہادر بگھور کے صاحبزادے اور نمبردار ملک اسد عباس بگھور کے بھائی ہیں۔ ان کے خاندانی پس منظر میں عوامی خدمت، سماجی فلاح اور عزتِ نفس کی روایات نمایاں حیثیت رکھتی ہیں، جنہیں وہ اپنی عملی زندگی میں بھی برقرار رکھے ہوئے ہیں۔
میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ملک فرحت عباس بگھور نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان شاء اللہ نادرا آفس نورپورتھل میں آنے والے ہر شہری کو بہترین، بروقت اور شفاف خدمات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ دفتری اوقات میں سائلین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا تاکہ عوام کو غیر ضروری انتظار یا دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
بلاشبہ، ایسے باصلاحیت اور فرض شناس افسران کسی بھی ادارے کا قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں۔ امید کی جا سکتی ہے کہ ملک فرحت عباس بگھور اپنی صلاحیتوں، تجربے اور عوام دوست رویے کی بدولت نادرا آفس نورپورتھل کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنائیں گے اور شہریوں کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔
دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ملک فرحت عباس بگھور کو اپنی نئی ذمہ داریوں میں مزید کامیابیاں عطا فرمائے، انہیں عوام کی بہترین خدمت کی توفیق دے اور ان کے ذریعے نادرا آفس نورپورتھل کو عوامی سہولت، شفافیت اور بہترین کارکردگی کی ایک مثالی شناخت عطا فرمائے۔ آمین۔