محمد خالد خان کا سمر لرننگ اینڈ گرومنگ فیسٹیول 2026 کے حوالے سے مختلف مراکز کا دورہ۔
محمد خالد خان کا سمر لرننگ اینڈ گرومنگ فیسٹیول 2026 کے حوالے سے مختلف مراکز کا دورہ۔
آئندہ سال سے سمر لرننگ اینڈ گرومنگ فیسٹیول میں مزید طلبہ و طالبات کو شرکت کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔سیکرٹری تعلیم
سوات(نمائندہ خصوصی)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق سیکرٹری برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبرپختونخوا محمد خالد خان نے منیجنگ ڈائریکٹر ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فاؤنڈیشن (ESEF) قیصر عالم کے ہمراہ سمر لرننگ اینڈ گرومنگ فیسٹیول 2026 کے سلسلے میں سوات میں قائم طلبہ و طالبات کے مراکز کا دورہ کیا۔ انہوں نے گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول فتح پور میں قائم طلبہ کے کیمپ سمیت طالبات کے مرکز کا معائنہ کرتے ہوئے جاری تعلیمی، تربیتی اور ہم نصابی سرگرمیوں، رہائشی انتظامات، طلبہ کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور مجموعی انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے دوران سیکرٹری تعلیم نے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے طلبہ و طالبات سے ملاقات کی اور ان کی شاندار صلاحیتوں، نظم و ضبط، خود اعتمادی اور سرگرمیوں میں بھرپور شرکت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سمر لرننگ اینڈ گرومنگ فیسٹیول 2026 حکومتِ خیبرپختونخوا کے اس وژن کی عملی تعبیر ہے جس کے تحت نوجوان نسل کو معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ شخصیت سازی، قائدانہ صلاحیتوں، تخلیقی سوچ، باہمی ہم آہنگی اور عملی زندگی کی مہارتوں سے آراستہ کیا جا رہا ہے۔محمد خالد خان نے کہا کہ حکومت نوجوانوں پر سرمایہ کاری کو مستقبل میں سرمایہ کاری سمجھتی ہے، اور یہی طلبہ کل کے ذمہ دار، بااعتماد اور باصلاحیت شہری اور قائد ثابت ہوں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم ایسے مؤثر پروگراموں کے دائرہ کار کو مزید وسعت دے گا تاکہ صوبے کے زیادہ سے زیادہ طلبہ ان سے مستفید ہو سکیں۔اس موقع پر سیکرٹری تعلیم نے اعلان کیا کہ آئندہ سال سے سمر لرننگ اینڈ گرومنگ فیسٹیول میں مزید طلبہ و طالبات کو شرکت کے مواقع فراہم کیے جائیں گے تاکہ اس منفرد تعلیمی و تربیتی تجربے سے زیادہ سے زیادہ نوجوان استفادہ کر سکیں۔انہوں نے کوہاٹ سے تعلق رکھنے والے طلبہ کی نمایاں کارکردگی کو خصوصی طور پر سراہتے ہوئے انہیں انعامات سے نوازا۔ بعد ازاں سیکرٹری تعلیم نے ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فاؤنڈیشن (ESEF) کے تعاون سے فیسٹیول میں شریک طلبہ و طالبات میں خصوصی اسکول بیگز اور ٹریک سوٹس تقسیم کیے، جنہیں طلبہ نے بے حد خوشی اور جوش و خروش کے ساتھ وصول کیا۔سیکرٹری تعلیم نے اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (مردانہ) سوات محمد ریاض، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (خواتین) سوات، چیئرمین بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سوات، متعلقہ افسران، اساتذہ، فوکل پرسنز اور انتظامی ٹیم کی شبانہ روز محنت، مؤثر منصوبہ بندی اور بہترین انتظامات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہی مربوط کاوشوں کی بدولت طلبہ کو محفوظ، منظم، دوستانہ اور معیاری تعلیمی ماحول میسر آیا، جو اس فیسٹیول کی کامیابی کی بنیاد ہے۔انہوں نے طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے انہیں بھرپور انداز میں جاری سرگرمیوں میں حصہ لینے کی تلقین کی اور کہا کہ یہ فیسٹیول انہیں نئی مہارتیں سیکھنے، تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے، مختلف اضلاع کے طلبہ سے روابط استوار کرنے اور اعتماد کے ساتھ آگے بڑھنے کا ایک منفرد موقع فراہم کر رہا ہے۔سمر لرننگ اینڈ گرومنگ فیسٹیول 2026 کے تحت طلبہ کو تعلیمی نشستوں کے ساتھ ساتھ تقریری مقابلوں، کہانی نویسی، اسکیچنگ، کوئز، قائدانہ تربیت، ٹیم بلڈنگ، کھیلوں، شجرکاری، ثقافتی سرگرمیوں اور دیگر ہم نصابی پروگراموں میں بھی حصہ لینے کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے، جس کے ذریعے ان کی ذہنی، جسمانی، سماجی اور قائدانہ صلاحیتوں کو فروغ دیا جا رہا ہے۔یہ فیسٹیول حکومتِ خیبرپختونخوا کے اس پختہ عزم کا عملی اظہار ہے کہ نوجوان نسل کو ایسا تعلیمی ماحول فراہم کیا جائے جہاں معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ کردار سازی، تخلیقی سوچ، قومی یکجہتی اور قیادت کی صلاحیتوں کو بھی پروان چڑھایا جا سکے، تاکہ آج کے طلبہ کل کے بااعتماد اور ذمہ دار قائد بن سکیں۔