خیبرپختونخوا کے سرکاری اور پرائیویٹ سکولوں کے طلبہ کیلئے سمر لرننگ اینڈ گرومنگ فیسٹیول شروع کرنے کا فیصلہ۔
یہ فیسٹیول طلبہ کی ہمہ جہت شخصیت سازی کیلئے ایک اہم اقدام ہے۔وزیر تعلیم ارشد ایوب خان
پشاور(نمائندہ خصوصی)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبرپختونخوا نے سرکاری اور پرائیویٹ سکولوں کے طلبہ کیلئے جولائی کے مہینے میں سمر لرننگ اینڈ گرومنگ فیسٹیول شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کا مقصد موسم گرما کی تعطیلات کے دوران طلبہ کو تعلیمی، تربیتی اور تفریحی سرگرمیوں کے ذریعے سیکھنے اور اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔فیسٹیول چار مراحل میں ہوگا، پہلے مرحلے میں صوبے کے تمام اضلاع سے چھٹی سے بارہویں جماعت تک کے تقریباً دو ہزار طلبہ حصہ لیں گے۔ ان طلبہ کیلئے رہائشی سمر کیمپس سوات، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں منعقد کیے جائیں گے۔ جبکہ اگلے تین مراحل میں بھی ان ہی اضلاع میں طلبا آئیں گے۔ سمر لرننگ اینڈ گرومنگ فیسٹیول کے انتظامات کا جائزہ صوبائی وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم ارشد ایوب خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں لیا گیا۔اجلاس میں محکمہ تعلیم کے اعلیٰ حکام، متعلقہ ڈویژنوں کے کمشنرز، تعلیمی بورڈز کے چیئرمینز اور متعلقہ اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز اور یونیسیف ٹیم نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران سیکرٹری ابتدائی و ثانوی تعلیم محمد خالد نے فورم کو سمر لرننگ اینڈ گرومنگ فیسٹیول کے مجوزہ پلان، انتظامات اور عملدرآمد کے طریقہ کار پر بریفنگ دی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وزیر تعلیم کی ہدایات کی روشنی میں تمام انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں، طلبہ کی رہائش، خوراک، سکیورٹی اور دیگر سہولیات کے اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا جائے تاکہ فیسٹیول کامیابی سے منعقد ہو سکے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر تعلیم ارشد ایوب خان نے کہا کہ یہ فیسٹیول طلبہ کی ہمہ جہت شخصیت سازی کیلئے ایک اہم اقدام ہے۔ اس کے ذریعے طلبہ کو نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ قائدانہ صلاحیتیں، ٹیم ورک، کھیلوں، تخلیقی سرگرمیوں اور صحت مند تفریح کے مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ دیگر اضلاع بالعموم اور جنوبی و ضم اضلاع بالخصوص کے بہت سے باصلاحیت طلبہ کو ایسے مواقع کم میسر آتے ہیں۔ یہ فیسٹیول انہیں نہ صرف نئی چیزیں سیکھنے کا موقع دے گا بلکہ صوبے کے دیگر اضلاع کے طلبہ سے میل جول، تجربات کے تبادلے اور باہمی ہم آہنگی کو بھی فروغ دے گا۔وزیر تعلیم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کیمپس میں طلبہ کی رہائش، خوراک، سکیورٹی، صحت اور دیگر انتظامات بہترین انداز میں کیے جائیں تاکہ طلبہ محفوظ، آرام دہ اور خوشگوار ماحول میں اپنی تعطیلات گزار سکیں اور سیکھ سکیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ طلبہ اس سمر کیمپ سے نئی معلومات، اچھی یادیں، نئے دوست اور ایسے تجربات لے کر واپس جائیں جو ان کی آئندہ زندگی میں بھی ان کے کام آئیں۔سمر لرننگ اینڈ گرومنگ فیسٹیول میں تعلیمی نشستوں کے علاوہ کھیلوں، ثقافتی سرگرمیوں، تخلیقی مشقوں، قیادت سازی، مہماتی سرگرمیوں اور تفریحی پروگراموں کا بھی اہتمام کیا جائے گا، تاکہ طلبہ کی ذہنی، جسمانی اور سماجی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔