4

*بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل میں مسلسل دوسرے روز زلزلے کے جھٹکے، 125 مکانات متاثر، 19 افراد زخمی*

*بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل میں مسلسل دوسرے روز زلزلے کے جھٹکے، 125 مکانات متاثر، 19 افراد زخمی*

*محمد کاظم، بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ*

ضلع موسیٰ خیل سمیت بلوچستان کے بعض دیگر علاقوں میں سنیچر کے روز دوسرے دن بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے پی ڈی ایم اے کے مطابق 26 اور 27 جون کو ضلع موسیٰ خیل کی تحصیل کنگری میں آنے والے زلزلوں کے باعث متعدد رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا، جبکہ کئی افراد معمولی زخمی ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق 27 جون کو آنے والے زلزلے کے نتیجے میں تحصیل کنگری میں 35 گھروں کو نقصان پہنچا اور 13 افراد معمولی زخمی ہوئے۔

سنیچر کی شام پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت لاہور اور ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں جس کی شدت ریکٹر سکیل پر 5.9 ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کا مرکز ہندوکش ریجن افغانستان تھا اور زلزلے کی گہرائی 178 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔

اس سے ایک روز قبل، 26 جون کو بھی زلزلے کے جھٹکوں سے مکانات متاثر ہوئے تھے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق دونوں زلزلوں کے باعث مجموعی طور پر 125 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا، جبکہ 19 افراد معمولی زخمی ہوئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں