8

ٹھٹھہ رپوٹ دعا نیوز عبدالعزیز شیخ ضلع ٹھٹھہ کے صحافیوں نے پولیس گردی، صحافی

ٹھٹھہ رپوٹ دعا نیوز عبدالعزیز شیخ
ضلع ٹھٹھہ کے صحافیوں نے پولیس گردی، صحافی پیرل پیاسی کی گرفتاری اور ان پر مبینہ تشدد، نیز صحافی عبداللہ چانڈیو کو مبینہ طور پر ہراساں کیے جانے کے خلاف شدید احتجاجی مظاہرہ کیا۔ صحافیوں نے ایدھی سینٹر سے پریس کلب ٹھٹھہ تک ریلی نکالی، جس کے بعد دھرنا دے کر پولیس کے خلاف نعرے بازی کی۔احتجاجی مظاہرے میں صحافیوں کے علاوہ سیاسی، سماجی، مذہبی اور قوم پرست تنظیموں کے رہنماؤں اور کارکنوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر صحافیوں کی آزادی، تحفظ اور پولیس گردی کے خلاف نعرے درج تھے۔حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس (HUJ) کی کال پر ہونے والے اس احتجاج کی قیادت لالا رحمان سموں، اقبال ملاح، فرید لاکو، منصور مری، اعجاز واریو، شبیر بھٹی، بلاول سموں اور اکبر دلوانی نے کی، جبکہ اقبال جاکھرو اور محبوب بروہی بھی ریلی میں شریک ہوئے۔مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحافی پیرل پیاسی کو ناجائز طور پر گرفتار کرکے ان کے خلاف جھوٹا مقدمہ درج کیا گیا، جو اظہارِ رائے کی آزادی اور صحافتی ذمہ داریوں پر براہِ راست حملہ ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ صحافی عبداللہ چانڈیو کو بھی مسلسل ہراساں کیا جا رہا ہے، جو صحافتی برادری کے لیے تشویش کا باعث ہے۔انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو خوفزدہ کرنے اور سچ لکھنے سے روکنے کے ایسے ہتھکنڈے کسی صورت قبول نہیں کیے جائیں گے۔ مقررین نے مطالبہ کیا کہ صحافی پیرل پیاسی کو فوری طور پر رہا کیا جائے، ان کے خلاف درج مقدمہ ختم کیا جائے اور تمام صحافیوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔احتجاج کرنے والوں نے پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو 24 گھنٹے کا الٹی میٹم دیتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر ان کے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو محرم الحرام کے انتظامات کے بعد ایس ایس پی آفس ٹھٹھہ کے سامنے دھرنا دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر اس کے باوجود مسئلہ حل نہ ہوا تو آئی جی سندھ آفس اور بعد ازاں وزیرِ اعلیٰ سندھ ہاؤس کے سامنے سندھ بھر کے صحافیوں کے ہمراہ بڑا احتجاجی دھرنا دیا جائے گا۔صحافیوں نے واضح کیا کہ وہ اپنے حقوق، صحافتی آزادی اور تحفظ کے لیے ہر سطح پر آواز بلند کرتے رہیں گے اور کسی بھی قسم کے دباؤ کو قبول نہیں کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں