9

سکھر: رشتہ داری کے تنازع، دھمکیوں اور مبینہ زیادتیوں کے خلاف شہری کا پریس کلب کے سامنے احتجاج

سکھر: رشتہ داری کے تنازع، دھمکیوں اور مبینہ زیادتیوں کے خلاف شہری کا پریس کلب کے سامنے احتجاج

سکھر(بیورورپورٹ)سکھر کے علاقے ایوب گیٹ کے رہائشی اور چاچڑ برادری سے تعلق رکھنے والے الطاف حسین عرف نھر چاچڑ ولد سور چاچڑ نے اپنے قریبی رشتہ داروں کی مبینہ زیادتیوں، دھمکیوں اور ناانصافیوں کے خلاف سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے حکام بالا سے تحفظ اور انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔احتجاج کے دوران الطاف حسین چاچڑ نے صحافیوں کو بتایا کہ وہ اسٹیشن روڈ، ایوب گیٹ ریلوے کالونی سکھر کے رہائشی ہیں اور ان کے مطابق انہوں نے اپنے بھائی عبدالجبار چاچڑ کا رشتہ ایک خاتون مہک دختر محمد رمضان کے ساتھ طے کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ رشتہ طے کرتے وقت انہیں یہ معلوم نہیں تھا کہ مذکورہ خاتون کی پہلے بھی شادی ہو چکی ہے اور اس سے ایک پانچ سالہ بیٹا بھی ہے۔الطاف حسین کے مطابق جب انہیں اس صورتحال کا علم ہوا تو انہوں نے اپنے بھائی عبدالجبار سے اس حوالے سے بات کی، جس پر لڑکی کے اہل خانہ نے مؤقف اختیار کیا کہ مہک کی اپنے سابق شوہر سے علیحدگی ہو چکی ہے اور طلاق کے کاغذات موجود ہیں۔ احتجاج کرنے والے شہری کا دعویٰ ہے کہ بعد ازاں طلاق کے کاغذات دکھانے کے بجائے ان سے شادی کے وقت ایک کروڑ روپے مالیت کی ملکیت دینے کا مطالبہ کیا گیا، جس پر تنازع شدت اختیار کر گیا۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ جب انہوں نے اس مطالبے پر تحفظات ظاہر کیے تو مذکورہ خاتون مہک نے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے خلاف تھانے میں این سی درج کروائی اور ان پر 40 ہزار روپے کے مبینہ الزام کے تحت دباؤ ڈالا گیا۔ الطاف حسین کا کہنا تھا کہ انہوں نے یہ رقم بھی ادا کی، مگر اس کے باوجود معاملہ ختم نہ ہوا اور حالات مزید خراب ہوتے گئے۔احتجاجی شہری نے مزید دعویٰ کیا کہ مہک نے ان کے بھائی عبدالجبار کو ان کے خلاف کر دیا ہے، جس کے باعث نہ صرف عبدالجبار بلکہ خاندان کے دیگر افراد بھی ان کے مخالف ہو گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 30 مئی 2026 کو گھوٹکی میں ان کے بھائیوں نے ان سے جھگڑا کیا، انہیں سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں اور مبینہ طور پر کہا کہ انہیں والد کی جائیداد سے بے دخل کر دیا جائے گا۔ الطاف حسین کے مطابق انہیں یہ دھمکیاں بھی دی گئیں کہ ان کی بیٹیوں کو اغوا کرا دیا جائے گا اور انہیں جان سے مار دیا جائے گا۔الطاف حسین چاچڑ نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ مسمات مہک، اس کے رشتہ دار مختیار، عبدالجبار عرف وبیر ولد مختیار اور رضوان ولد محمد رمضان ان کے گھر آئے اور انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دے کر گئے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں انہیں اپنی اور اپنے اہل خانہ کی جان و مال کا شدید خطرہ لاحق ہے، جس کے باعث وہ انصاف اور قانونی تحفظ کے لیے پریس کلب کے سامنے احتجاج پر مجبور ہوئے ہیں۔احتجاج کے دوران انہوں نے پولیس حکام، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں سے اپیل کی کہ ان کے الزامات کا غیر جانبدارانہ نوٹس لیا جائے، انہیں اور ان کے اہل خانہ کو تحفظ فراہم کیا جائے، اور اگر الزامات درست ثابت ہوں تو ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔الطاف حسین کا کہنا تھا کہ وہ ایک پُرامن شہری ہیں اور چاہتے ہیں کہ معاملے کی شفاف تحقیقات کر کے انہیں انصاف فراہم کیا جائے تاکہ مستقبل میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں