12

سرگودھا (راجہ نورالہی عاطف سے)ریڈیو پاکستان سرگودھا کے مقبول عوامی آگاہی پروگرام “شاہین

سرگودھا (راجہ نورالہی عاطف سے)ریڈیو پاکستان سرگودھا کے مقبول عوامی آگاہی پروگرام “شاہین سرگودھا” میں بچوں کے تحفظ، حقوق اور فلاح و بہبود کے موضوع پر خصوصی پروگرام نشر کیا گیا۔ پروگرام کے میزبان سبطین بلوچ تھے جبکہ مہمانِ خصوصی سید علی عابد نقوی، ڈسٹرکٹ آفیسر، چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو سرگودھا تھے۔
پروگرام میں چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب کے قیام کے مقاصد، بچوں کے بنیادی حقوق، ان کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے لیے ادارے کی خدمات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ سید علی عابد نقوی نے بتایا کہ ادارے کا بنیادی مقصد بے سہارا، گمشدہ، استحصال کا شکار، تشدد سے متاثرہ اور بھیک مانگنے والے بچوں کو تحفظ، رہائش، تعلیم، طبی سہولیات اور بحالی فراہم کرنا ہے تاکہ انہیں ایک محفوظ اور باوقار زندگی میسر آ سکے۔
گفتگو کے دوران بچوں کے ساتھ ہونے والے جسمانی، ذہنی اور نفسیاتی تشدد، بھیک منگوانے جیسے مسائل اور ان کے سدباب کے لیے معاشرے کے کردار پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کا تحفظ صرف حکومتی اداروں کی نہیں بلکہ پورے معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور ہر فرد کو اپنے اردگرد ایسے بچوں پر نظر رکھنی چاہیے جو کسی قسم کے استحصال، تشدد یا غفلت کا شکار ہوں۔
پروگرام میں والدین کے کردار کو بھی خصوصی طور پر اجاگر کیا گیا۔ سید علی عابد نقوی نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کے ساتھ دوستانہ اور اعتماد پر مبنی تعلق قائم کریں، ان کے مسائل سنیں اور ان کے ساتھ مؤثر رابطہ رکھیں تاکہ بچے کسی بھی ناخوشگوار صورتحال کے بارے میں بلا جھجھک آگاہ کر سکیں۔ انہوں نے والدین اور اساتذہ کو بچوں میں “گڈ ٹچ” اور “بیڈ ٹچ” کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کی اہمیت سے بھی آگاہ کیا تاکہ بچوں کو ممکنہ خطرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔
اس موقع پر چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کی ہیلپ لائن 1121 پر خصوصی توجہ دلائی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ مفت ہیلپ لائن چوبیس گھنٹے فعال ہے اور شہری کسی بھی بچے کے ساتھ زیادتی، تشدد، استحصال، بھیک منگوانے یا دیگر متعلقہ مسائل کی فوری اطلاع 1121 پر دے سکتے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ایسے واقعات دیکھنے کی صورت میں خاموش تماشائی بننے کے بجائے فوری رپورٹ کریں تاکہ بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔
پروگرام کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ریڈیو پاکستان سرگودھا کا پروگرام “شاہین سرگودھا” مستقبل میں بھی عوامی آگاہی، سماجی شعور اور عوامی مسائل کے حل کے لیے معلوماتی پروگرام نشر کرتا رہے گا تاکہ شہریوں کو مفید معلومات اور رہنمائی فراہم کی جا سکے۔
اس پروگرام کے پروڈیوسر جمشید قادری، اسٹوڈیو انجینئر ذیشان افضل جبکہ ایگزیکٹو پروڈیوسر فریحہ کنول تھیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں