9

ہیرو آف نیشن ایوارڈ یافتہ سی ای او ایجوکیشن لیہ ڈاکٹر محمد قیوم خان کو خراج تحسین

ہیرو آف نیشن ایوارڈ یافتہ سی ای او ایجوکیشن لیہ ڈاکٹر محمد قیوم خان کو خراج تحسین

خصوصی تحریر: راجہ نورالٰہی عاطف

کسی بھی قوم کی ترقی اور خوشحالی کا راز اس کے تعلیمی نظام میں پوشیدہ ہوتا ہے۔ تعلیم ہی وہ بنیادی ستون ہے جس پر ترقی یافتہ معاشروں کی عمارت کھڑی ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ تعلیم کے شعبے سے وابستہ افراد کو ہمیشہ معاشرے میں عزت اور احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ جب کوئی تعلیمی رہنما اپنی محنت، دیانت داری، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور عوامی خدمت کے جذبے سے نمایاں مقام حاصل کرتا ہے تو اس کی کامیابی پورے معاشرے کے لیے باعثِ فخر بن جاتی ہے۔
ضلع لیہ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی، ڈاکٹر محمد قیوم خان کی شخصیت بھی انہی قابل فخر تعلیمی رہنماؤں میں شمار ہوتی ہے جنہوں نے اپنی شبانہ روز کاوشوں، بہترین انتظامی صلاحیتوں اور تعلیمی شعبے کی بہتری کے لیے مثالی خدمات انجام دے کر ایک منفرد مقام حاصل کیا ہے۔ حال ہی میں انہیں صوبائ وزیر تعلیم پنجاب کی طرف سے شعبۂ تعلیم میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں “ہیرو آف نیشن” ایوارڈ سے نوازا گیا، جو نہ صرف ان کی انفرادی کامیابی بلکہ پورے ضلع لیہ اور محکمہ تعلیم کے لیے اعزاز کی بات ہے۔
ڈاکٹر محمد قیوم خان نے اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں ہمیشہ تعلیم کے فروغ، تعلیمی معیار کی بہتری اور طلبہ کو بہتر تعلیمی ماحول فراہم کرنے کو ترجیح دی۔ قبل ازیں بطور سی ای او ننکانہ صاحب اور سی ای او خوشاب محکمہ ءتعلیم کے سرمایہء افتخار ڈاکٹر محمد قیوم خان کی خدمات مثالی ہیں۔ اب موصوف کی قیادت میں ضلع لیہ کے تعلیمی اداروں میں نظم و ضبط، کارکردگی اور معیارِ تعلیم میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی۔ انہوں نے اساتذہ کرام کی پیشہ ورانہ تربیت، سکولوں میں سہولیات کی فراہمی اور طلبہ کی تعلیمی استعداد بڑھانے کے لیے متعدد اقدامات کیے جن کے مثبت نتائج سامنے آئے۔
ایک کامیاب منتظم کی حیثیت سے ڈاکٹر محمد قیوم خان نے ثابت کیا کہ اگر نیت نیک ہو اور قیادت میں وژن موجود ہو تو محدود وسائل کے باوجود بھی بڑے اہداف حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ ان کی خدمات صرف دفتری امور تک محدود نہیں رہیں بلکہ انہوں نے تعلیم کو ایک قومی ذمہ داری سمجھتے ہوئے ہر سطح پر تعلیمی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کیا۔
ڈسٹرکٹ پریس کلب لیہ میں ان کے اعزاز میں منعقدہ تقریب اس بات کا واضح ثبوت تھی کہ معاشرہ اپنے محنتی اور باصلاحیت افراد کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ تقریب میں محکمہ تعلیم کے افسران، صحافیوں، سماجی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد کی شرکت اس امر کی عکاس تھی کہ ڈاکٹر محمد قیوم خان نے اپنی دیانت داری، خوش اخلاقی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ذریعے عوام کے دلوں میں ایک خاص مقام بنایا ہے۔
اس موقع پر ڈی ڈی ای او (ویمن ایلیمنٹری ایجوکیشن) لیہ میمونہ ارم سمیت دیگر مقررین نے جس انداز میں ان کی خدمات کو سراہا، وہ دراصل ان کی عملی کارکردگی کا اعتراف تھا۔ یہ اعزاز ان تمام اساتذہ اور تعلیمی کارکنان کے لیے بھی حوصلہ افزائی کا باعث ہے جو خاموشی سے قوم کے مستقبل کی تعمیر میں مصروف ہیں۔
آج جب ہمارا ملک تعلیمی میدان میں مختلف چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے، ایسے میں ڈاکٹر محمد قیوم خان جیسے باصلاحیت اور مخلص افسران امید کی ایک روشن کرن ہیں۔ ان کی کامیابی نوجوان نسل اور محکمہ تعلیم سے وابستہ افراد کے لیے یہ پیغام رکھتی ہے کہ محنت، لگن اور دیانت داری کبھی رائیگاں نہیں جاتی۔
بلاشبہ، “ہیرو آف نیشن” ایوارڈ ڈاکٹر محمد قیوم خان کی صلاحیتوں، خدمات اور تعلیمی میدان میں ان کی غیر معمولی کاوشوں کا عملی اعتراف ہے۔ دعا ہے کہ وہ مستقبل میں بھی اسی جذبے اور عزم کے ساتھ قوم کے بچوں کے بہتر مستقبل اور ملک کی تعلیمی ترقی کے لیے اپنی گراں قدر خدمات جاری رکھیں اور مزید کامیابیوں سے ہمکنار ہوں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں