سکھر: گھریلو تشدد سے تنگ خاتون کا سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاج، تحفظ اور انصاف کا مطالبہ
سکھر(بیورورپورٹ)سکھر کے علاقے نیو پنڈ انصاری محلہ کی رہائشی عباسی برادری سے تعلق رکھنے والی خاتون، مسمات گل بانو عباسی نے اپنے سسرالی افراد کی مبینہ ظلم و زیادتیوں اور گھریلو تشدد کے خلاف سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے انصاف اور تحفظ فراہم کرنے کی اپیل کی۔احتجاج کے دوران مسمات گل بانو عباسی نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ان کے شوہر زبیر ابڑو روزانہ نشہ کرکے گھر آتے ہیں اور معمولی باتوں پر انہیں تشدد کا نشانہ بناتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ان کی ساس صغریٰ اور نند اقرا بھی مبینہ طور پر ان کے ساتھ ناروا سلوک کرتی ہیں اور گھریلو کام کاج میں معمولی کمی بیشی پر ان پر بے بنیاد الزامات عائد کیے جاتے ہیں۔مظاہرہ کرنے والی خاتون کا کہنا تھا کہ انہیں اور ان کے معصوم بچے کو آئے روز ذہنی و جسمانی اذیت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ان کے مطابق سسرالی افراد کی جانب سے مسلسل ہراسانی اور تشدد کے باعث ان کی زندگی غیر محفوظ ہو چکی ہے۔مسمات گل بانو عباسی نے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کے شوہر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور انہیں اور ان کے بچے کو فوری تحفظ فراہم کیا جائے۔انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان، وزیراعلیٰ سندھ، انسپکٹر جنرل سندھ پولیس (آئی جی سندھ)، ڈی آئی جی سکھر اور ایس ایس پی سکھر سے اپیل کی کہ وہ معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے شفاف تحقیقات کرائیں اور ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی یقینی بنائیں۔