9

خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے) ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (ڈی ڈی ای او) تحصیل خوشاب ملک

خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے) ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (ڈی ڈی ای او) تحصیل خوشاب ملک قیصر عباس کھارا کو شعبہ تعلیم میں شاندار خدمات، بہترین انتظامی صلاحیتوں اور نمایاں کارکردگی کے اعتراف میں حسنِ کارکردگی سرٹیفکیٹ سے نواز دیا گیا۔ اس اعزاز پر عوامی، سماجی، تعلیمی، ادبی اور صحافتی حلقوں کی جانب سے انہیں دلی مبارکباد اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن اتھارٹی ضلع خوشاب محمد عیسیٰ لالی نے ایک پروقار تقریب میں ملک قیصر عباس کھارا کو حسنِ کارکردگی سرٹیفکیٹ عطا کیا۔ اس موقع پر ڈی ای او سیکنڈری ضلع خوشاب محمد یاسین ساجد، ڈی ای او ایلیمنٹری سکولز خوشاب فیض الحسن ملک اور سابق ڈی ای او سیکنڈری سکولز خوشاب ملک فضل الٰہی فضل بھی موجود تھے۔
تقریب کے دوران مقررین نے کہا کہ ملک قیصر عباس کھارا نے بطور ڈپٹی ڈی ای او اپنی ذمہ داریاں نہایت دیانتداری، محنت اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ انجام دیں۔ ان کی انتھک کاوشوں کے باعث تحصیل خوشاب میں تعلیمی معیار کی بہتری، سکولوں کی کارکردگی میں اضافہ اور تعلیمی نظم و ضبط کو فروغ ملا، جسے محکمہ تعلیم کے اعلیٰ حکام نے بھی سراہا ہے۔
تعلیمی حلقوں کا کہنا ہے کہ ملک قیصر عباس کھارا ہمیشہ اساتذہ کرام، طلبہ اور والدین کے مسائل کے حل کے لیے متحرک رہتے ہیں اور ان کی قیادت میں محکمہ تعلیم کی مختلف اصلاحی سرگرمیوں کو مؤثر انداز میں آگے بڑھایا گیا۔ یہی وجہ ہے کہ انہیں یہ اعزاز ملنا ان کی خدمات کا عملی اعتراف ہے۔
اس موقع پر ملک قیصر عباس کھارا نے حسنِ کارکردگی سرٹیفکیٹ عطا کرنے پر محکمہ تعلیم کے اعلیٰ حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز ان کے لیے مزید محنت، لگن اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ فرائض انجام دینے کا باعث بنے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مستقبل میں بھی تعلیمی ترقی اور طلبہ کے روشن مستقبل کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔
عوامی، سماجی، تعلیمی، ادبی اور صحافتی شخصیات نے امید ظاہر کی ہے کہ ملک قیصر عباس کھارا اپنی صلاحیتوں اور تجربے سے شعبہ تعلیم میں مزید مثبت تبدیلیوں کا باعث بنیں گے اور ضلع خوشاب میں تعلیمی معیار کی بہتری کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرتے رہیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں