9

جیکب آباد(نامه نگار) محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ

جیکب آباد(نامه نگار) محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ایس ایس پی جیکب آباد کیپٹن (ر) فیضان علی نے تحصیل گڑہی خیرو کی دونوں سب ڈویژنز گڑہی خیرو اور دائوجہان پور کا تفصیلی دورہ کیا۔
دورے کے دوران مختلف امام بارگاہوں، مساجد اور مجالس و جلوسوں کے روٹس کا معائنہ کیا گیا جبکہ منتظمین، علمائے کرام اور مذہبی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کی گئیں۔ ایس ایس پی جیکب آباد نے تمام ماتمی جلوسوں اور مجالس کی گزرگاہوں پر فول پروف سیکیورٹی انتظامات یقینی بنانے، داخلی و خارجی راستوں کی نگرانی سخت کرنے اور مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھنے کے احکامات جاری کیے۔ دورے کے دوران امام بارگاہ درِ بتول، امام بارگاہ قصرِ حسین، امام بارگاہ کربلا معلیٰ، محمدی مسجد، امام بارگاہ قصرِ عباس، مرکزی امام بارگاہ دوداپور، مرکزی امام بارگاہ دائوجہان پور، امام بارگاہ مہدی علیہ السلام مولاداد اور دیگر امام بارگاہوں کا دورہ کیا گیا جہاں سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔
ایس ایس پی جیکب آباد نے مجالس اور جلوسوں کے منتظمین، مذہبی رہنماؤں اور علمائے کرام سے ملاقاتیں کرتے ہوئے ان کے مسائل اور تجاویز سنیں اور فوری حل کے لیے متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ اس موقع پر منتظمین نے پولیس کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
ایس ایس پی جیکب آباد نے تمام ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور متعلقہ پولیس افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ مجالس اور جلوسوں کے تمام روٹس پر مؤثر نگرانی کو یقینی بنائیں، وقتاً فوقتاً سنیپ چیکنگ کریں اور مشکوک سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔

▪️ مزید برآں ضلع جیکب آباد کے تمام داخلی و خارجی راستوں، انٹری پوائنٹس اور بارڈر سے ملحقہ علاقوں میں سخت چیکنگ کے احکامات جاری کیے گئے ہیں جبکہ ہر آنے جانے والی گاڑی اور مشکوک افراد کی مکمل جانچ پڑتال کی جائے گی۔

▪️ ایس ایس پی جیکب آباد نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام، مذہبی ہم آہنگی کے فروغ اور عزاداروں کو پرامن ماحول کی فراہمی کے لیے جیکب آباد پولیس تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں