گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے ملاقات کی۔
ملاقات میں خیبرپختونخوا میں معدنیات، سیاحت، توانائی، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسلام آباد(نمائندہ جاوید اقبال)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے گورنر ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی. ملاقات میں خیبرپختونخوا میں معدنیات، سیاحت، توانائی، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا. ملاقات میں خیبرپختونخوا میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور معاشی تعاون بڑھانے پر بھی بات چیت کی گئی. ملاقات میں قبائلی اضلاع اور خیبرپختونخوا کے نوجوانوں کے لیے تعلیمی اسکالرشپس کے فروغ پر بھی گفتگو کی گئی اور پاکستان اور امریکہ کے درمیان خیبرپختونخوا میں ترقیاتی تعاون اور سرمایہ کاری کے فروغ پر اتفاق بھی کیا گیا. ملاقات میں صوبے میں توانائی، سیاحت اور انسانی وسائل کی ترقی کے نئے مواقع پر تبادلہ خیال کے علاوہ صوبے میں پائیدار ترقی کے لیے نجی شعبے اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کے کردار پر زور بھی دیا گیا. ملاقات میں خیبرپختونخوا میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا. اس موقع پر گورنرخیبرپختونخوا نے کہا کہ خیبرپختونخوا قیمتی اور نایاب معدنی وسائل سے مالامال ہے، جن میں وسیع سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں، انہوں نے امریکی سرمایہ کاروں کو خیبرپختونخوا کے معدنیات، سیاحت، توانائی اور صحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی.ملاقات میں خیبرپختونخوا میں کھیلوں کے میدان میں موجود ٹیلنٹ کے فروغ پر بھی گفتگو ہوئی. گورنر نے کہا کہ خیبر کرکٹ لیگ کا انعقاد جولائی میں کیا جا رہا ہے، گورنر خیبرپختونخوا نے پشاور میں امریکی قونصل خانے کی بندش پر تشویش کا اظہار کیا. انہوں نے کہا کہ تجارت کے حجم میں اضافے کے لیے دونوں ممالک کے تجارتی وفود کے تبادلے ضروری ہیں. امریکی ناظم الامور نے خیبرپختونخوا کے نوجوانوں کو جدید تربیت اور ہنر کی فراہمی میں دلچسپی کا اظہار کیا اور گلگت بلتستان انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کی کامیابی پر گورنر خیبرپختونخوا کو مبارکباد دی. گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ جی بی انتخابات میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، آصفہ بھٹو اور کارکنان کی مؤثر انتخابی مہم کے باعث پیپلز پارٹی کو کامیابی ملی، اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا کی جانب سے امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا گیا.