16

سکھر پولیس کا محرم الحرام کے سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے اہم اجلاس، فول پروف سیکیورٹی پلان کو حتمی شکل دینے کا فیصلہ

سکھر پولیس کا محرم الحرام کے سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے اہم اجلاس، فول پروف سیکیورٹی پلان کو حتمی شکل دینے کا فیصلہ

سکھر (بیورورپورٹ)محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام اور عزاداری کے پروگراموں کی مؤثر سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے ایس ایس پی سکھر اظہر خان کی زیر صدارت کانفرنس ہال ایس ایس پی آفس سکھر میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں جماعت اہلِ تشیع کے رہنماؤں، مجالس و جلوسوں کے پرمٹ ہولڈرز، منتظمین اور پولیس کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں اے ایس پی سٹی کیپٹن (ر) محمد صہیب امین، ڈی آئی بی انچارج سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ میٹنگ کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا گیا، جس کے بعد محرم الحرام کے دوران منعقد ہونے والی مجالس اور جلوسوں کے سیکیورٹی انتظامات، درپیش مسائل اور ممکنہ خطرات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس کے دوران مجالس و جلوسوں کے مجموعی سیکیورٹی پلان کا جائزہ لیا گیا جبکہ شرکاء سے فرداً فرداً ان کے مسائل، تحفظات اور تجاویز بھی طلب کی گئیں۔ ایس ایس پی سکھر نے محرم الحرام کے سابقہ تجربات کی روشنی میں نشاندہی کی گئی کوتاہیوں اور بہتری کے نکات پر غور کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کیں۔اس موقع پر ایس ایس پی سکھر اظہر خان نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام پولیس کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے فول پروف سیکیورٹی پلان کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ تمام امام بارگاہوں اور عزاداری کے مراکز پر سینئر پولیس افسران کی نگرانی میں بہترین سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عزاداری کے جلوسوں کی تمام گزرگاہوں کو محفوظ بنانے کے لیے سرچ آپریشنز اور جامع سرچنگ کے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے، جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریپڈ رسپانس فورس کے خصوصی دستے تعینات رہیں گے تاکہ فوری کارروائی کو یقینی بنایا جا سکے۔ایس ایس پی سکھر نے واضح کیا کہ شرپسند اور فتنا انگیز عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی اور امن خراب کرنے کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ شکایات کے فوری ازالے، معلومات کے تبادلے اور سیکیورٹی صورتحال کی لمحہ بہ لمحہ نگرانی کے لیے خصوصی کنٹرول روم بھی قائم کیا جائے گا۔
اجلاس کے شرکاء نے سکھر پولیس کی جانب سے کیے جانے والے انتظامات کو سراہتے ہوئے محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اجلاس کا اختتام ملک و قوم کی سلامتی، امن و استحکام اور محرم الحرام کے پرامن انعقاد کے لیے خصوصی دعا کے ساتھ ہوا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں