ممتاز قلم کارہ و ادیبہ منزہ انور گوئندی کی ادبی و نشری خدمات قابلِ تحسین خصوصی تحریر: راجہ نورالہی عاطف
ممتاز قلم کارہ و ادیبہ منزہ انور گوئندی کی ادبی و نشری خدمات قابلِ تحسین
خصوصی تحریر: راجہ نورالہی عاطف
نامور قلم کارہ، ادیبہ اور براڈکاسٹر منزہ انور گوئندی اُن باصلاحیت شخصیات میں شمار ہوتی ہیں جنہیں اللہ تعالیٰ نے غیر معمولی علمی، ادبی اور تخلیقی صلاحیتوں سے نوازا ہے۔ موصوفہ انتہائی ہر دلعزیز، باوقار، بردبار، مخلص، خوش اخلاق اور اعلیٰ انسانی اوصاف کی حامل شخصیت ہیں۔ اپنی انہی خوبیوں کی بدولت وہ عوامی، سماجی، تعلیمی، ادبی اور صحافتی حلقوں میں یکساں طور پر مقبول اور قابلِ احترام ہیں۔
منزہ انور گوئندی کی ریڈیو پاکستان سرگودھا کے لیے خدمات نہایت مثالی اور قابلِ تقلید ہیں۔ 29 مئی 2005ء کو ریڈیو پاکستان سرگودھا کے قیام کے ساتھ ہی ان کی اس ادارے سے وابستگی کا آغاز ہوا، جو اب اکیس برس پر محیط ایک درخشاں سفر کی صورت اختیار کر چکی ہے۔ اس طویل عرصے کے دوران انہوں نے اپنے علم، تجربے اور خلوص کے ذریعے ریڈیو پاکستان سرگودھا کی ادبی اور سماجی سرگرمیوں کو نئی جہت عطا کی۔
ہفتہ وار پروگرام “بزمِ خواتین” کے ذریعے انہوں نے بے شمار باصلاحیت خواتین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات کو ریڈیو پاکستان سرگودھا کے پلیٹ فارم سے متعارف کروایا۔ اسی طرح “ادب نامہ” کے عنوان سے ادبی پروگرام میں ادب کی مختلف جہات پر مدلل اور جامع گفتگو کے ذریعے سامعین کے علمی و ادبی ذوق کی آبیاری کی۔ ان کی میزبانی اور ادبی رہنمائی میں متعدد مشاعرے اور ادبی نشستیں بھی منعقد ہوئیں، جنہیں اہلِ علم و ادب نے بے حد سراہا۔
منزہ انور گوئندی کی گراں قدر خدمات کو عوامی، سماجی، تعلیمی، ادبی اور صحافتی حلقوں میں قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ ان کی ادبی اور نشری کاوشیں نہ صرف نئی نسل کے لیے مشعلِ راہ ہیں بلکہ ریڈیو پاکستان سرگودھا کے لیے بھی ایک قیمتی سرمایہ ہیں۔
ان دنوں ان کی سالگرہ کی تقریبات مختلف حلقوں میں جوش و خروش سے جاری ہیں۔ اس موقع پر ان کے چاہنے والے، دوست احباب اور علمی و ادبی شخصیات انہیں بھرپور خراجِ تحسین پیش کر رہی ہیں۔
ہم بارگاہِ الٰہی میں دعاگو ہیں کہ اللہ تعالیٰ منزہ انور گوئندی کو صحتِ کاملہ، طویل عمر، دائمی خوشیاں، مزید کامیابیاں، عزت و وقار اور ہر میدان میں سربلندی عطا فرمائے، اور انہیں اپنی علمی و ادبی خدمات کا یہ سفر اسی جذبے اور توانائی کے ساتھ جاری رکھنے کی توفیق دے۔
آمین ثم آمین۔