16

اسلام آباد (راجہ نورالہی عاطف سے) اٹارنی جنرل آف پاکستان ملک عثمان منصور اعوان کے ساتھ منسٹری

اسلام آباد (راجہ نورالہی عاطف سے) اٹارنی جنرل آف پاکستان ملک عثمان منصور اعوان کے ساتھ منسٹری انکلیو اسلام آباد میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن ضلع خوشاب محمد عیسیٰ لالی اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر تحصیل نورپورتھل ظہیر عباس بھٹی نے خصوصی ملاقات کی، جس میں ضلع خوشاب بالخصوص تحصیل نورپورتھل میں تعلیمی معیار کی بہتری، موجودہ تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن اور اساتذہ کرام کی بین الاقوامی معیار کے مطابق تربیت کے فروغ پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران جدید تعلیمی تقاضوں سے ہم آہنگی پیدا کرنے، طلبہ کو بہتر تعلیمی سہولیات فراہم کرنے اور تعلیمی اداروں میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر نورپورتھل میں تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن اور ڈیجیٹل انٹیگریشن کے حوالے سے مثبت پیش رفت اور عملی تعاون پر اتفاق کیا گیا، جبکہ اس سلسلے میں جلد مؤثر اقدامات اٹھانے اور منصوبوں کو عملی شکل دینے کے عزم کا اظہار بھی کیا گیا۔
اٹارنی جنرل آف پاکستان ملک عثمان منصور اعوان نے تعلیم کے شعبے کی ترقی کو قومی تعمیر و ترقی کے لیے ناگزیر قرار دیتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی، جبکہ آفیسرانِ تعلیم نے ضلع خوشاب میں تعلیمی اصلاحات اور جدید سہولیات کی فراہمی کے لیے جاری کوششوں سے آگاہ کیا۔دریں اثناء ضلع خوشاب کے عوامی، سماجی اور تعلیمی حلقوں نے آفیسرانِ تعلیم کی اٹارنی جنرل آف پاکستان کے ساتھ اس خصوصی نشست کو خوش آئند اور مثبت اقدام قرار دیا ہے۔ مختلف حلقوں کا کہنا ہے کہ اس ملاقات کے نتیجے میں نہ صرف تعلیمی اداروں کی بہتری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ اساتذہ کرام کی پیشہ ورانہ تربیت، جدید تعلیمی سہولیات اور ڈیجیٹل نظام کے فروغ کے حوالے سے بھی دور رس اور مثبت نتائج سامنے آئیں گے، جس سے ضلع خوشاب خصوصاً نورپورتھل کے تعلیمی ماحول کو مزید مستحکم بنانے میں مدد ملے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں